وجئے واڑہ میں مئی ڈے تقریب، چیف منسٹر چندرابابوکا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش کے زیراہتمام آج ’’یوم مئی‘‘ کے موقع پر وجئے واڑہ میں واقع اے ون کنونشن سنٹر میں بڑے پیمانے پر مئی ڈے تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو، مرکزی وزیر سوجنا چودھری کے علاوہ کئی ریاستی وزراء اور محکمہ لیبر کے اعلیٰ عہدیداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف منسٹر مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے محنت کش طبقہ کی فلاح و بہبود کے لئے متعارف کی جانے والی ’’چندرنا بیمہ اسکیم‘‘ کا آغاز کیا اور کہاکہ اس اسکیم کے ذریعہ ریاست آندھراپردیش میں پائے جانے والے غیر منظم شعبہ کے 1.50 کروڑ ورکرس کا احاطہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غیر منظم شعبہ کے ورکرس میں کسی کی موت واقع ہونے کی صورت میں اس اسکیم کے ذریعہ 5 لاکھ روپئے کا مالی معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ انھوں نے محنت کش طبقہ کے یونین قائدین پر زور دیا کہ وہ اپنے مفادات کو بالائے طاق رکھنے اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق انتظامیوں کو منصوبہ بندی کرلینے کی مالکین انڈسٹریز کو مشورہ دیا اور کہاکہ کم خرچ کے ذریعہ معیاری اشیاء کی تیاری پر ہی ان اشیاء کی کافی مانگ ہوگی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ انڈسٹریز کو مختلف رعایتیں فراہم کرتے ہوئے حکومت نے کمپنیوں کو آکسیجن فراہم کی ہے۔ انھوں نے ریاست کی تشکیل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کی تقسیم کا ہم نے کبھی مطالبہ نہیں کیا لہذا تمام ریاستوں کی مساوی ترقی تک مرکزی حکومت کو مکمل مالی تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔ مرکزی وزیر سوجنا چودھری نے کہاکہ ریاست آندھراپردیش میں محنت کش طبقہ کیلئے روبہ عمل لائی جانے والی اسکیمات ملک بھر میں کہیں بھی نہیں پائی جاتیں۔ وزیر لیبر آندھراپردیش مسٹر کے اچن نائیڈو اور دیگر نے بھی مخاطب کیا۔