ریاست آندھرا پردیش کی ہمہ جہت ترقی کیلئے جاپانی کمپنیوں کے ساتھ معاہدات

سرمایہ کاری کے ماحول کو سازگار بنانے مختلف ترغیبات ، چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس بات کا انکشاف کیا کہ اپنے دورہ جاپان کے ایک حصہ کے طور پر آندھرا پردیش کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے بعض کمپنیوں کے ساتھ معاہدات کئے گئے ہیں ۔ علاوہ ازیں آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کے لیے حالات کو سازگار بناتے ہوئے اندرون ملک و بیرون ممالک سے سرمایہ کاری کی ترغیب دینے پر اولین توجہ دی گئی ۔ اس کے علاوہ جاپان کے دورہ میں چند اداروں کے ساتھ بات چیت کی گئی اور آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کرنے کے موقعوں سے مکمل طور پر واقف کروایا گیا ۔ آج یہاں سکریٹری میں اپنے ایک ہفتہ طویل دورہ جاپان کی تکمیل کے بعد حیدرآباد واپسی کے دوسرے دن اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر این چندرا بابو نائیڈو چیف منسٹر آندھرا پردیش نے کہا کہ جاپان کا دورہ نہ صرف اطمینان بخش تھا بلکہ زبردست کامیاب رہا ۔ انہوں نے جاپانی عوام کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کے عوام میں پائے جانے والے ڈسپلن ، پیشہ سے اپنی ذمہ دارانہ وابستگی ، صحت و صفائی وغیرہ ہر ایک کے لیے مثالی ثابت ہوگی ۔ انہوں نے دورہ جاپان کی مکمل تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کے لیے راجدھانی بھی نہ پائے جانے کے باعث زبردست بحران جیسی صورتحال سے آندھرا پردیش دوچار ہے ۔ جب کہ کئی ایک ممالک آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی کی تعمیر کے لیے اپنی خصوصی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ اپنے دورہ جاپان کے دوران ’’ جیئرو‘‘ جاپانی ٹریڈ آرگنائزیشن اور جاپانی بینک آف کوآپریٹیو جیسے اداروں کا دورہ کر کے تفصیلی مشاہدہ کیا گیا ہے اور چند خانگی اداروں کے ساتھ معاہدات بھی کیے گئے ۔ بالخصوص جاپان کے مستقبل کو بنانے والی کمپنیوں کے ساتھ معاہدات کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے بتایا کہ اعتماد و بھروسہ حاصل ہونے پر ہی جاپانی صنعتکار ریاست آندھرا پردیش میں اپنی سرمایہ کاری کرنے کے لیے دلچسپی کا اظہار کریں گے لہذا حکومت آندھرا پردیش ان کے لیے بہتر و سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ سکاٹہ ویسٹ مینجمنٹ ‘ ادارہ کا بھی دورہ کر کے تفصیلی مشاہدہ کیا گیا ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے انتہائی شاندار راجدھانی کی تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ آندھرا پردیش کی تیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے اب تک سنگاپور اور جاپان کا دورہ کرنے کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ آنے والی نئی نسل کے بہتر مستقبل کے لیے وہ اپنی ممکنہ کوشش کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے مزیدکہا کہ چار ہزار میگاواٹ برقی پراجکٹ کا قیام عمل میں لانے برقی بچت جیسے شعبوں میں آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کرنے خانگی اداروں کے ساتھ معاہدہات کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کے ڈسپلن کی بنیاد پر اس کو ایک مثالی تصور کر کے یہاں پر بھی ( آندھرا پردیش میں بھی ) اسی ڈسپلن کے ساتھ اور مسلسل محنت کے ساتھ آگے بڑھنے ( ترقی حاصل کرنے ) کی ضرورت ہے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ کئی ایک مشکلات و مصائب کا سامنا کرتے ہوئے جاپان آج ٹکنالوجی کے میدان میں عالمی سطح پر تو دنیا بھر میں پہلا مقام ( سرفہرست ) حاصل کرنے کا اعزاز رکھتا ہے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے کہا کہ ساحلی علاقہ کو درآمدات و برآمدات کے مرکز کی حیثیت سے بڑے پیمانے پر ترقی دی جائے گی اور ساتھ ہی ساتھ آندھرا پردیش سے غربت کا خاتمہ ہونے جیسی ترقی دینے کی ضرورت ہے ۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ بہت جلد آندھرا پردیش کی نئی صنعتی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم جاپان سے بھی ملاقات کر کے تفصیلی بات چیت کی گئی اور ’ انڈیا ۔ جاپان سمٹ ‘ میں شرکت کے لیے دعوت بھی دی گئی ۔ جس پر وزیر اعظم جاپان نے اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ جاپان کا دورہ اطمینان بخش ہونے کی وجہ سے وہ بہت جلد جرمنی ، جنوبی کوریا ممالک کے دورہ پر روانہ ہوں گے ۔ اس موقع پر نمائندہ خصوصی آندھرا پردیش برائے نئی دہلی مسٹر رام موہن راؤ اور مشیر ریاستی حکومت مسٹر پربھاکر راؤ بھی موجود تھے ۔۔