حیدرآباد ۔ 7 ؍ ستمبر ( سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش اساتذہ کے تقررات عمل میں لانے کے لئے بہت جلد ڈی ایس سی کا انعقاد عمل میں لانے اعلامیہ جاری کرے گی ۔ اس بات کا فیصلہ حکومت آندھرا پردیش نے کچھ دن قبل ہی کر چکی تھی اور اعلامیہ کچھ دن قبل ہی جاری کیا جانے والا تھا ۔ لیکن کسی وجوہات کے باعث جاری نہیں کیا جاسکا ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھراپردیش مسٹر جی سرینواس راو نے یہ بات بتائی ۔ اور کہا کہ حکومت آندھراپردیش ایس جی ٹی جائیدادوں کے لئے بی ایڈ کامیاب امیدواروں کو بھی اہل قرار دینے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ۔ کیونکہ ایس جی ٹی جائیداد کے لئے فی الوقت صرف ڈائیٹ کے ذریعہ ٹیچرس ٹریننگ کی تکمیل کرنے والے امیدواروں کو ہی اہل قرار دیا جا رہا ہے ۔ لیکن حکومت آندھراپردیش نے اساتذہ کی جائیدادوں کو پُر کرنے کے مقصد سے ایس جی ٹی جائیدادوں کیلئے ٹیچرس ٹریننگ اور بی ایڈ کامیاب امیدواروں کو بھی درخواست داخل کرنے کے اہل قرار دینے کے اقدامات کرے گی ۔ مسٹر سرینواس راؤ نے مزید بتایا کہ اس مسئلہ پر مرکزی وزارت تعلیم (وزارت فروغ انسانی وسائل) سے تبادلہ خیال کرنے اور اور اجازت کے حصول کے لئے بہت جلد چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرابابونائیڈو اپنے دورہ دہلی کے موقعہ پر مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل شریمتی سمرتی ایرانی سے ملاقات کریں گے۔ وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ حکومت آندھراپردیش تعلیم کے معیار میں مزید بہتری پیدا کرنے اور سرکاری مدارس کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے موثر و مثبت اقدامات کرے گی ۔