ریاست آندھراپردیش میں تعلیم کو معیاری بنانے پر توجہ

تلگو ناڈو ٹیچرس یونین اجلاس ،چیف منسٹر چندرا بابو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 17 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہاکہ حکومت تعلیم کے معیار میں بہتری پیدا کرنے کیلئے منصوبہ جات مرتب کرنے کے اقدامات کررہی ہے۔ مسٹر نائیڈو جنہوں نے وجئے واڑہ میں تلگوناڈو ٹیچرس یونین کے منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت تعلیمی شعبہ میں معیارتعلیم میں مزید بہتری پیدا کرنے اور بہتر تعلیمی اقدار کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے ریاست آندھراپردیش کی راجدھانی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ امراوتی میں راجدھانی کی تعمیر کیلئے کسانوں نے اپنی عظیم قربانیاں دیتے ہوئے 34 ہزار ایکڑ اراضیات رضاکارانہ طور پر حکومت کے حوالہ کئے۔ چیف منسٹر نے رضاکارانہ طور پر اراضیات حوالہ کرنے والے کسانوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اراضیات کے معاملہ میں ان کسانوں نے اپنی انتہائی فراخدلی کا مظاہرہ کیا اور اسی طرح اساتذہ کو بھی چاہئے کہ تعلیمی میدان میں طلباء کو آگے بڑھانے میں اپنی فراخدلی کا مظاہرہ کریں۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے مزید کہا کہ حکومت نے خصوصی دلچسپی کے ذریعہ اندرون ایک سال ’’پٹی سیما‘‘ کو مکمل کرنے اقدامات کئے گئے۔ علاوہ ازیں کرشنا گوداوری آبی وسائل کو ایک دوسرے سے مربوط بھی کیا گیا۔ چیف منسٹر نے اساتذہ کی گرانقدر خدمات اور اہم رول کی زبردست ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی تعلیم کے ذریعہ ہی اعلیٰ سے اعلیٰ مقام حاصل کرسکتا ہے۔ یہی وجہ ضلع ریاست میں اساتذہ کو بھی اعلیٰ مقام دیا گیا۔ اس کے علاوہ تلگودیشم حکومت میں ہی اساتذہ کے زیادہ سے زیادہ تقررات عمل میں لائے گئے اور حالیہ عرصہ کے دوران بھی حکومت آندھراپردیش نے 11 ہزار اساتذہ کے تقررات عمل میں لائے۔ انہوں نے اس بات کا تیقن دیا کہ اساتذہ کے درپیش مختلف مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کی جائے گی۔