مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں ، سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کا حج ہاؤز کا معائنہ
حیدرآباد ۔ یکم اگست (سیاست نیوز) حج 2017 ء کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں ، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ، اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ ایم اے منان فاروقی نے آج حج ہاؤز عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا اور عازمین کے قیام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے عمارت کی تمام 11 منزلوں کا دورہ کیا اور رہائش کے سلسلہ میں زیادہ کمروں کی فراہمی کی ہدایت دی۔ آندھراپردیش کے جو دفاتر حج ہاؤز میں موجود ہیں، انہیں اضافی کمروں کو رہائش کیلئے حوالہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ حج ہاؤز میں موجود ایک خانگی ادارہ کے دفتر کو اندرون 24 گھنٹے تخلیہ کی ہدایت دی گئی۔ اعلیٰ عہدیداروں نے عازمین حج کیلئے صحت و صفائی اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا اور حج ہاؤز کی عمارت میں کم از کم 600 عازمین کی رہائش کیلئے جگہ کی نشاندہی کی ۔ اس طرح حج ہاؤز سے متصل زیر تعمیر کامپلکس میں کم تعداد میں عازمین کے قیام کا امکان ہے ۔ اے کے خاں اور سید عمر جلیل نے وقف بورڈ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام کمروں کی صفائی ، باتھ روم و ٹائلیٹس میں تمام سہولتوں کی فراہمی کے بعد اندرون 24 گھنٹے چابیاں حج کمیٹی کے حوالہ کردیں۔ گراؤنڈ فلور پر موجود ٹائلیٹس اور مسجد کے ٹائلیٹس کی صفائی کی بھی ہدایت دی گئی ۔ حج ہاؤز کے احاطہ میں کھلی اراضی پر موجود ٹائلیٹس کو بھی سہولتوں سے آراستہ کیا جائیگا ۔ عہدیداروں نے سیکوریٹی انتظامات کے پیش نظر حج ہاؤز کی دو چھوٹی اضافی گیٹس کی فوری مرمت کی ہدایت دی تاکہ غیر متعلقہ افراد احاطہ میں داخل نہ ہوسکیں۔ 11 اگست سے حج کیمپ کا آغاز ہوگا جبکہ 13 اگست سے قافلوں کی روانگی عمل میں آئیگی ۔ عہدیداروں نے فیصلہ کیا کہ 5 اگست کو دوبارہ حج ہاؤز کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیں گے ۔ کیمپ کے آغاز سے قبل ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی حج ہاؤز اور ایرپورٹ پر تیار کئے جارہے حج ٹرمینل کا معائنہ کریں گے ۔ اے کے خاں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال سے بہتر انتظامات رہیں گے اور تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش کے عازمین کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاؤز کی عمارت میں تمام عازمین کی رہائش کو یقینی بنایا جائیگا۔ اس کے علاوہ اضافی عازمین کی صورت میں زیر تعمیر کامپلکس کے چار فلور پر انتظامات رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عازمین حج کے بہتر انتظامات کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے اور چیف منسٹر نے درکار فنڈس جاری کئے ہیں ۔ سید عمر جلیل نے بتایا کہ جاریہ سال تلنگانہ حج کمیٹی کیلئے تین کروڑ روپئے کا بجٹ ہے ۔ انہوں نے حج کمیٹی کی ستائش کی اور کہا کہ ہر سال بہتر انتظامات کے ذریعہ عازمین کی خدمت کی جارہی ہے ۔ عمر جلیل نے کہا کہ جاریہ سال آندھراپردیش کے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے اور انتظامات کی ذمہ داری تلنگانہ حج کمیٹی نے قبول کرلی ہے ۔ حج ہاؤز کی عمارت میں برقی ، آبرسانی اور دیگر ضرورتوں کی تکمیل کیلئے عہدیداروں کی ٹیم تیار کی جائیگی۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے حج کیمپ کے انتظامات کے سلسلہ میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ رہائش کیلئے جتنی جگہ درکار ہوگی ، وہ سہولتوں کے ساتھ فراہم کی جائیگی ۔ عمارت میں آندھراپردیش وقف بورڈ ، حج کمیٹی اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کے دفاتر موجود ہیں، انہیں ہدایت دی گئی کہ اپنے اضافی کمرے عازمین کی رہائش کیلئے فراہم کریں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ زائد کمروں کی فراہمی سے 600 عازمین کے انتظامات کئے جاسکتے ہیں۔ تلنگانہ کے عازمین زیادہ تر روانگی سے قبل حج ہاؤز پہنچتے ہیں، لہذا ان کیلئے رہائش کوئی زیادہ مسئلہ نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ صدرنشین محمد سلیم نے ہر فلور پر بہتر انتظامات کے سلسلہ میں عہدیداروں کو پابند کیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاریہ سال کا حج کیمپ گزشتہ سال سے بہتر رہے گا۔