رگھورام راجن کا تجربہ شکاگو یونیورسٹی کا اثاثہ : ڈین

واشنگٹن ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) باوقار شکاگو یونیورسٹی نے رگھورام راجن کو دوبارہ تدریس کی جانب لوٹ آنے پر ان کا زبردست خیرمقدم کیا ہے اور کہا کہ آر بی آئی کے سابق گورنر اور اعلیٰ بینکر کی حیثیت سے رگھورام راجن کے قیمتی تجربات اس وقت بہت فائدہ مند ثابت ہوں گے جب موصوف ریسرچ اور تدریس کیلئے جاریہ سال شکاگو یونیورسٹی سے دوبارہ رجوع ہوں گے۔ یونیورسٹی آف شکاگو یوتھ اسکول آف بزنس ڈین سنیل کمار نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں آج بھی پیشہ تدریس کو اگر مقدس ترین مانا جاتا ہے تو اس کی وجہ یہی ہیکہ اس پیشہ سے رگھورام راجن جیسی شخصیتیں وابستہ ہیں لہٰذا ہم ان کا شکاگو بوتھ فیکلٹی میں خیرمقدم کریں گے۔ یاد رہیکہ گذشتہ ہفتہ 53 سالہ راجن نے آر بی آئی گورنر کے عہدہ پر تجدید کو نہ کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی جبکہ ان کی میعاد ستمبر میں اختتام پذیر ہورہی ہے اور اس کے بعد وہ ایک لکھ پتی یا کروڑپتی شخص کی طرح آرام دہ ریٹائرڈ زندگی نہیں گذاریں گے بلکہ اپنی اولین ترجیح یعنی پیشہ تدریس میں واپسی کریں گے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سنیل کمار نے کہا کہ سنٹرل بینک آف انڈیا کے سربراہ کی حیثیت سے مسٹر راجن کے گرانقدر تجربہ کو یہاں بروئے کار لایا جاسکتا ہے جو ہمارے لئے کسی اثاثہ سے کم نہیں۔