رکن پارلیمنٹ کاکیناڈا ٹی نرسمہلو سائبر کرائم کا شکار

ڈیبٹ کارڈ کلوننگ سے رقم کا سرقہ ، اے پی سی آئی ڈی میں شکایت درج
حیدرآباد /2 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) رکن پارلیمنٹ کاکیناڈا مسٹر ٹی نرسمہلو سائبر کرائم کا شکار ہوگئے اور ان کے ڈیبٹ کارڈ کے کلوننگ کے ذریعہ ان کے بینک کھاتہ سے نقد رقم نکالی گئی ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مسٹر نرسمہلو نے آندھراپردیش سی آئی ڈی کے سائبر کرائم شعبہ سے ایک شکایت درج کروائی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کے بینک کھاتہ سے نامعلوم افراد نے 50 ہزار روپئے حاصل کرلئے ہیں ۔ سی آئی ڈی نے رکن پارلیمنٹ کی شکایت موصول ہونے پر ایک ایف آئی آر جاری کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کو ابتدائی تحقیقات میں یہ پتہ لگا ہے کہ رکن پارلیمنٹ مسٹر نرسمہلو نے حال ہی میں بنگلور کے ایک شاپنگ مال میں شاپنگ کی تھی جہاں پر ان کی ڈیبٹ کارڈ کی کلوننگ کرلی گئی اور سائبر کرائم دھوکہ بازوں نے رکن پارلیمنٹ کے بینک کھاتہ سے گوا کے ایک اے ٹی ایم سنٹر سے 50 ہزار روپئے نکال لئے گئے ۔ سی آئی ڈی نے ایک خصوصی ٹیم گوا کو روانہ کیا ہے تاکہ اے ٹی ایم سنٹر کی سی سی ٹی وی ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعہ دھوکہ بازوں کا پتہ لگایا جاسکے اور تحقیقات میں شدت پیدا کرلی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ کریڈیٹ اور ڈیبٹ کارڈ کی کلوننگ کے ذریعہ کارڈ کے تفصیلات بشمول پن حاصل کرلئے جاتے ہیں اور اس کا غلط استعمال کرتے ہوئے آن لائین شاپنگ یا نقد رقم میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے سائبر کرائم سیل قائم کیا گیا ہے ۔