اندرون تین ہفتہ تفصیلات داخل کرنے کی ہدایت : ہائی کورٹ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ہائی کورٹ کی ڈیویژن بنچ نے مفاد عامہ کی درخواست پر حیدرآباد کے اطراف و اکناف قیام پذیر روہنگیا مسلم مہاجرین کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر اندرون تین ہفتے جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی تلنگانہ اور مرکزی حکومت کو ہدایت دی ہے ۔ کارگزار چیف جسٹس رمیش رنگناتھن اور جسٹس کے وجئے لکشمی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مہاجرین کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی کونسل ( مائیگرنٹس رائٹس کونسل ) کے صدر پی نارائنا سوامی کی خواہش پر سکریٹری محکمہ خارجہ اور چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ کو جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ۔ درخواست گذار کے وکیل پی ششی کرن نے عدالت کو بتایا کہ روہنگیا مسلمانوں کے خاندان جو منیمار سے حیدرآباد پہونچے ہیں کئی مسائل سے دوچار ہیں ۔ بنیادی سہولتوں کے بغیر زندگی گذارنے پر مجبور ہیں ۔ ششی کرن نے عدالت سے خواہش کی کہ وہ احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ داروں کو روہنگیا مسلمانوں سے انصاف کرنے کی ہدایت دیں ۔۔