روہنگیائی مسلمان میانمار کو باوقار واپسی کے خواہاں

اقوام متحدہ۔ 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) میانمار کے ستم زدہ روہنگیائی پناہ گزینوں نے اس ہفتہ اقوام متحدہ کے سفیر کے دورہ کے موقع پر کہا کہ وہ اپنے وطن میانمار اُسی وقت جائیں گے جب انہیں شہریت اور شہری حقوق عطا کئے جانے کا تیقن دیا جائے اور یہ بھی کہ ان کی حفاظت و سلامتی کا یقین ہوجائے۔ اقوام متحدہ کے سفیر برائے میانمار کرسٹائن شرینر برگیسز نے ’’کاکس بازار‘‘ کے مسلم روہنگیاؤں سے 3 روزہ دورہ پر ملاقات کی۔ واضح رہے کہ یہ دورۂ میانمار کے قائدین سے اس بحران پر بات چیت کے چند ہفتوں کے بعد ہوا تھا۔ اقوام متحدہ کے بیان میں کہا گیا کہ ان پناہ گزینوں کی مشکلات، ریاست راکھین میں ان پر ڈھائے گئے مظالم ناقابل بیان ہیں۔ اقوام متحدہ کے سفیر نے کہا کہ متاثرین اتنا سب کچھ سہنے کے باوجود صرف شہریت و مساوی حقوق اور تحفظ و سلامتی کے طلب گار ہیں جس پر وہ اپنے وطن میانمار کو واپس ہوجائیں گے۔