روہت کے خاندان کو تلنگانہ پردیش کانگریس کی مالی امداد

حیدرآباد۔26جنوری (این ایس ایس) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے ایک متوفی دلت اسکالر روہت ویمولہ کے خاندان کو 5 لاکھ روپئے کی مالی امداد پیش کی۔ روہت نے 17 جنوری کو ایچ سی یو کیمپس میں انتہائی پراسرار حالات میں خودکشی کی تھی۔ اس واقعہ کے خلاف ایچ سی یو میں زبردست احتجاج جاری ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی نے ایچ سی یو کیمپس میں روہت کے روہت کے خاندان کو 5 لاکھ روپئے کا چیک پیش کیا۔ اس دوران روہت کے والد منی کمار نے میڈیا کے بعض نمائندوں سے کہا کہ ان کا بیٹا دلت نہیں بلکہ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھتا ہے۔ انہوں نے خودکشی کے واقعہ سے روہت کی ذات کو منسوب کرنے کی کوششوں کو غلط قرار دیا اور حکومت سے روہت کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرا بیٹا کوئی بزدل نہیں تھا کہ خودکشی کرے‘‘۔