روہت کی موت عدم رواداری کی تازہ مثال : اشوک واجپئی

جئے پور۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نامور ادیب و شاعر اشوک واجپائی نے ساہتیہ اکیڈیمی ایوارڈ واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عدم رواداری کی سطح کافی بڑھی ہوئی ہے۔ انہوں نے جئے پور لٹریری فیسٹیول کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدم رواداری کی سطح کافی بڑھ اور پھیل گئی ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں دلت طالب علم کی خودکشی کے واقعہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ یہ بھی عدم رواداری ہی ہے۔ اشوک واجپائی نے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کی جانب سے انہیں دیئے گئے ڈی لیٹ اعزاز کو حال ہی میں حکام کے مخالف دلت رویہ کے خلاف بطور احتجاج واپس کردیا تھا۔ واجپائی نے کہا کہ اگرچہ وزیراعظم نریندر مودی نے روہت ویمولہ کی خودکشی پر افسوس کا اظہار کیا لیکن انہوں نے دلت مسئلہ کی اہمیت کو کم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایک ماں اپنے بیٹے سے محروم ہوگئی لیکن انہوں نے دلت پہلو کو نمایاں نہیں کیا حالانکہ اس مسئلہ میں اہمیت اسی کی ہے۔