حیدرآباد 25 اگسٹ (پی ٹی آئی) روہت ویمولا کی خودکشی پر جوڈیشیل کمیشن کی رپورٹ کو سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیتے ہوئے حیدرآباد یونیورسٹی کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی برائے سماجی انصاف نے کہاکہ اِس کا مقصد وائس چانسلر اپا راؤ اور دیگر کے خلاف مقدمے کو کمزور کرنا ہے۔ جے اے سی نے ایک بیان میں کہاکہ میڈیا کی اطلاع کے مطابق کمیشن نے روہت ویمولا کو غیر دلت قرار دیا ہے۔ کمیشن جس نتیجہ پر پہونچا وہ انتہائی حیرت ناک ہے کیوں کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ذات کی تنقیح کے بعد ہی روہت کو ہندوایس سی۔ مالا قرار دیا ہے۔ اِس کے باوجود غیردلت قرار دینا سیاسی محرکات پر مبنی ہے۔