روہت ویمل کے ساتھ انصاف رسانی کا مطالبہ

جدوجہد کمیٹی کا 29 اگست کو احتجاجی دھرنا
حیدرآباد۔26اگست(سیاست نیوز)حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی انتظامیہ کی زیادتیوں سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرنے والے دلت طالب علم روہت ویمولہ کے ساتھ انصاف کی جدوجہد کررہی کمیٹی نے 29اگست کو اندرا پارک دھرنا چوک پر ایک احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا اور اس ضمن میں پوسٹرز کی اجرائی عمل میںلائی۔ نیو پریس کلب میںپوسٹرز اجرائی کے بعد میڈیاسے بات کرتے ہوئے مذکورہ کمیٹی کے رکن پروفیسر حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی لکشمی نارائنہ نے کہاکہ نیشنل ایس سی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق روہت ویمولہ کے دلت ہونے پر کوئی شبہ باقی نہیں ہے باوجود اسکے یونیورسٹی انتظامیہ روہت ویمولہ کو خودکشی کرنے پر مجبو ر کرنے والے وائس چانسلر اپا رائو‘ مرکزی وزراء سمریتی ایرانی اور بنڈارود تاتریہ کے خلاف کاروائی سے گریز کررہا ہے ۔ انہو ں نے مزیدکہاکہ روہت ویمولہ اور دیگر دلت طلبہ کے ساتھ ایچ سی یو میں برتے گئے رویہ پر شکایت کے باوجود حکومت او ریونیورسٹی انتظامیہ خاموش تماشائی بنا ہوا ۔ انہوں نے نیشنل ایس سی کمیشن نے اپنی رپورٹ میںواضح کردیا ہے کہ روہت ویمولہ کا تعلق ایک دلت خاندان سے تھا اور اپنی رپورٹ میںکمیشن نے روہت ویمولہ کو خودکشی پر آمادہ کرنے والوں کے خلاف ایس سی ‘ ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ روہت ویمولہ کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کمیٹی کی جانب سے 29اگست کو اندرا پارک دھرنا چوک پر احتجاجی دھرنا منظم کیاجارہا ہے جس میں بابا صاحب بھیم رائو امبیڈکر کے پوترے آنند تلماٹے‘ پرکاش امبیڈکر کے علاوہ روہت ویمولہ کی ماں رادھیکا ویمولہ‘ تیستاستلواد شرکت کریں گے ۔ انہوں نے ایس سی ‘ ایس ٹی‘ بی سی ‘ اور مینارٹیز کی فلاح وبہبود میںسرگرم تنظیموںکے ذمہ داران سے اس احتجاجی دھرنے میںشرکت کی اپیل کی ہے۔