روس کی 12 نیوکلیئر ری ایکٹرکی پیشکش

نئی دہلی ۔11 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) روس ۔ ہند خصوصی دفاعی شراکت داری میں اضافہ کرتے ہوئے روس نے آج تیقن دیا کہ وہ کم از کم 12 نیوکلیئر ری ایکٹر اور عصری دوہرے استعمال کے ہیلی کاپٹرس کی تیاری میں ہندوستان کا ساتھ دے گا۔ دونوں ممالک نے تیل، گیاس، دفاع، سرمایہ کاری اور دیگر کلیدی شعبوں میں 20 معاہدوں پر دستخط کئے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور صدر روس ولادیمیر پوٹن نے اپنی سالانہ چوٹی کانفرنس میں عہد کیا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو ’’نئی سطح‘‘ تک پہنچایا جائے گا۔ دونوں ممالک نے ایک نئے نظریہ کا خاکہ پیش کیا اور تیل، گیاس، برقی توانائی اور نیوکلیئر توانائی کی پیداوار میں کئی گنا اضافہ کرنے کیلئے تعاون میں اضافہ کرنے سے اتفاق کیا۔ اطلاعات کے شعبہ میں پی ٹی آئی اور روسی خبر رساں ادارہ تاس نے باہم خبروں کے تبادلے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے۔ روس کو ہندوستان کیلئے ’’طاقت کا ستون‘‘ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم مودی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں جس میں صدر پوٹن بھی شریک تھے، کہا کہ ہند ۔ روس دفاعی شراکت داری ’’انتہائی اہم شراکت داری‘‘ برقرار رہے گی، کیونکہ متبادل مواقع میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پوٹن کیساتھ انہوں نے کئی دفاعی پراجیکٹس پر اور ہندوستان کیساتھ دفاعی تعلقات پر ترجیحی بنیادوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ انہیں خوشی ہے کہ روس نے ہندوستان میں جدید ترین ہیلی کاپٹرس کی تیاری سے اتفاق کیا ہے جس میں ہندوستان سے برآمدات کا امکان بھی شامل ہے ، ان ہیلی کاپٹرس کو فوجی اور سیویلین دونوں مقاصد کیلئے استعمال کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پر عاجلانہ کارروائی کی جائے گی۔ دونوں قائدین کی ملاقات تین گھنٹے طویل تھی جس میں دونوں ممالک کے وفود نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے روس پر مغربی تحدیدات کے باوجود تعاون میں اضافہ سے اتفاق کرلیا۔

پوٹن کو صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کا عشائیہ
ہاک کے ساگ اور کبابوں سے تواضع
نئی دہلی۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے صدر روس ولادیمیر پوٹن کے اعزاز میں آج رات راشٹرپتی بھون میں ایک عشائیہ ترتیب دیا جس میں پالک پر مبنی کشمیری پکوان سے لے کر کبابوں تک مختلف لذیذ غذائیں شامل تھیں۔ مقبول عام کشمیری مشروب قہوہ اور ’’ہاک کا ساگ‘‘ جو وادی کشمیر کا ایک خصوصی پکوان ہے اور پالک کے رس کو دھیمی آنچ پر دم دے کر تیار کیا جاتا ہے، یہ سبزی خوروں میں انتہائی مقبول ہے۔ مختلف قسم کے ذائقے پیش کرنے کے مقصد سے پکوانوں میں گلوٹی کباب جو ہلکے مسالے کے ساتھ نرم دنبے کے گوشت سے تیار کئے جاتے ہیں، اور مرغ دھنیوال قورمہ جو کوتھمیر کے شوربے میں مرغ ڈال کر تیار کیا جاتا ہے، شامل تھے۔ مٹھائیوں میں بادام کا شوربہ ، گلاب کھیر اور کشمیری قہوہ اور جنوبی ہند کا مشروب کافی شامل تھے۔