واشنگٹن ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) روس کے 60 امریکی سفارتکاروں کا اخراج اور سینٹ پیٹرس برگ میں امریکی سفارتخانہ بند کرنے کے فیصلہ نے روس اور امریکہ کے درمیان کشیدہ تعلقات میں مزید تلخی پیدا کردی ہے۔ وائیٹ ہاؤس پریس سکریٹری سارہ سینڈرس نے روس کے ذریعہ کی گئی کارروائی کے چند گھنٹوں بعد ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ روس نے جن امریکی سفارتکاروں کو روس چھوڑنے کا حکم دیا ہے، اس سے روس۔ امریکہ تعلقات میں مزید خرابی پیدا ہوئی ہے۔ یاد رہیکہ روس نے امریکی سفارتکاروں کو اندرون سات یوم روس چھوڑنے کا حکم دیا ہے جبکہ اندرون 48 گھنٹے سینٹ پیٹرس برگ میں واقع امریکی سفارتخانہ کو بھی بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ قبل ازیں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 60 روسی سفارتکاروں کو امریکہ سے نکل جانے اور سیاٹل میں واقع روسی سفارتخانے کو بند کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ سارہ سینڈرس نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جو کارروائیاں کی گئیں اس کے بعد ہمیں توقع تھی کہ روس بھی کوئی جوابی کارروائی ضرور کرے گا لہٰذا ہم ذہنی طور پر اس کارروائی سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔