روس کا یوکرین کے اہم سرحدی قصبے پر قبضہ

کیف ، 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) یوکرین نے کہا ہے کہ جنوب مشرق میں اس کے ایک اہم سرحدی قصبے نووازووسک پر روسی فوج نے قبضہ کر لیا ہے۔ یوکرین کی سلامتی اور دفاع کی کونسل نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ اس علاقے کے گردونواح کے بیشتر دیہاتوں پر قبضہ ہو چکا ہے۔ ادھر صدر پیٹرو پوروشنکو نے ترکی کا دورہ منسوخ کر کے سلامتی اور دفاع کی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا ہے اور صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ یوکرین اور مغربی ممالک یہ کہتے آئے ہیں کہ روس مشرقی یوکرین میں براہ راست مداخلت کر رہا ہے لیکن ماسکو ان الزامات کو مسترد کرتا آیا ہے۔ یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم (او ایس سی ای) نے بھی ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جس میں یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ تنظیم میں امریکی مشن نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ یوکرین میں "روسی خلاف ورزیاں” ویانا میں ہونے والے اس اجلاس کے ایجنڈے پر سرفہرست ہوں گی۔ ادھر فرانس کے صدر نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ روسی فوجی یوکرین میں سرگرم ہیں تو یہ ’’ناقابل قبول اور ناقابل برداشت‘‘ عمل ہو گا۔