روس نے یوکرین میں بھاری ہتھیار بھیجے ہیں: امریکہ

واشنگٹن۔ 15؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ امریکہ نے الزام عائد کیا ہے کہ روس نے حالیہ تین دنوں میں یوکرین میں بھاری ہتھیار، ٹینک اور راکٹ لانچرس بھیجے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ روس کی طرف سے یہ ہتھیار یوکرین کے روس نواز علیحدگی پسندوں کو فراہم کئے گئے ہیں۔ دریں اثناء یوکرینی سکیوریٹی فورسس نے باغیوں کے زیر قبضہ دفاعی اہمیت کا بندرگاہی شہر ماریوپول پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

افغانستان سے 3 امریکی فوجیوں کی نعشیں امریکہ منتقل
واشنگٹن۔ 15؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ افغانستان میں دوستانہ بمباری میں مارے جانے والے 3 امریکی فوجیوں کی نعشیں امریکہ منتقل کردی گئیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق فوجیوں کی نعشوں کو ایرپورٹ پر امریکی عہدیداروں نے حاصل کیا۔ مرنے والے تینوں فوجی افغانستان کے صوبہ زابل میں افغان فورسس کے ساتھ صیانتی کارروائی میں مصروف تھے جب وہ فضائی حملے کا نشانہ بنے۔
عہدیداروں کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔