روس میں ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار : 16 ہلاک

ماسکو ۔ یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام ) شمال مغربی روس میں ایک ہیلی کاپٹر جس میں 18 افراد سفر کر رہے تھے حادثہ کا شکار ہوگیا جس کے نتیجہ میں 16 افراد کی ہلاکت کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ دو افراد اس حادثہ میں بچ گئے ہیں۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ دو مسافرین اپنی کرسیوں میں پھنسے ہوئے زمین پر گرے اور انہیں قریبی مچھیروں نے بچا لیا ۔ ان کے پیر ٹوٹ گئے ہیں اور دوسرے زخم آ:ے ہیں۔ انہیں دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ سرکاری ٹی وی نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ شمال مغربی مرمانسک علاقہ میں Mi-8 ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہونے کے بعد تین ٹکڑوں میں ٹوٹ گیا ۔ کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا ہے ۔ ہیلی کاپٹر فرٹیلائزر تیار کرنے والی کمپنی سے تعلق رکھتا ہے اور اس کمپنی کے اعلی ایگزیکیٹیوز اس میں سوار تھے ۔ اس کے علاوہ کچھ سرکاری عہدیدار بھی اس پر سوار تھے ۔ کمپنی نے 13 مسافرین اور پانچ ارکان عملہ کی فہرست جاری کردی ہے جو طیار ہ پر سوار تھے ۔