روس میں تکنیکی لغزش پر پوٹن کی سال نو دو تقاریر نشر

ماسکو ۔ 31 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) روسیوں کو آج صدر ولادیمیر پوٹن کے سالِ نو کے خطاب کے دو مختلف متن سننے کو ملے، جو ایک تکنیکی غلطی کا نتیجہ رہا، جیسا کہ مشرق بعید کے لوگوں نے پہلے سے ریکارڈ شدہ نشریہ دیکھا جس میں وولگو گراد خودکش حملوں کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا۔ مشرق بعید کے بعض خطے جو بہ اعتبار وقت ماسکو سے 8 گھنٹے آگے ہیں، وہاں پوٹن کو ماسکو کے قصر صدارت کریملن کے اندرون سے تقریر کرتے دکھایا گیا۔لیکن بعد میں مغرب کی سمت والے ٹائم زون کے ناظرین نے نصف شب کو بالکل یا مختلف خطاب دیکھا جہاں پوٹن نے شہر خبروسک سے تقریر کی اور ان عسکریت پسندوں کو تباہ کردینے کا عزم کیا جنہوں نے وولگو گراد بمباریاں کیں جن میں 34 افراد ہلاک ہوئے۔ یہی وہ خطاب ہے جسے نصف شب کو سارے روس میں دکھایا جارہا ہے جو ماسکو میں نصف شب (2000 جی ایم ٹی) کو شروع کیا گیا۔

خانگی طیارہ کی ہائی وے پر لینڈنگ
بیتول / ممبئی ۔ 31 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایک چار نشستی خانگی طیارہ جس میں صرف پائلٹ سوار تھا، مدھیہ پردیش میں آج ناسازگار موسم کے درمیان ہائی وے پر اتر پڑا، جس پر ایویشن ریگولیٹر ڈی جی سی اے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ صبح کے اوقات میں شاہراہ پر ایمرجنسی لینڈنگ کے نتیجہ میں پائلٹ کو تو کوئی زخم نہیں آیا لیکن ساری ٹریفک مفلوج ہوگئی ۔ یہ چھوٹا طیارہ این آر آئی سام ورما کا بتایا گیا جو عام طور پر تفریحی اڑان بھرا کرتے ہیں۔ پائلٹ نے ابتداء میں قریبی سپنا ڈیم کے قریب لینڈنگ کی اجازت چاہی تھی جس سے سکیوریٹی وجوہات کی بناء انکار کیا گیا۔ ڈی جی سی اے ذرائع نے کہا کہ انہیں طیارہ کی فلائیٹ سیفٹی رپورٹ کا انتظار ہے۔