ماسکو ۔ 16 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر روس ولادیمیر پوٹن نے آج کہا کہ روس اپنے نیوکلیئر ہتھیاروں کے ذخیرہ میں 40 بین البراعظمی میزائیل کا جاریہ سال اضافہ کرے گا۔ اندیشہ ہے کہ اس اقدام سے مغربی ممالک مزید اعصاب زدہ ہوجائیں گے۔ کریمنل کے مرد آہن کے اس اعلامیہ پر برہم ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امریکہ نے کہا کہ وہ بھی مشرقی یوروپ میں اپنی فوج کی تعیناتی میں زبردست اضافہ کردے گا۔ روس اور مغربی ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔ سرد جنگ کے خاتمہ کے بعد یوکرین کے تنازعہ پر یوروپی ممالک اور روس کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی ہے ۔ پوٹن نے فوجی ہارڈ ویر کی نمائش کے افتتاحی خطاب میں کہا کہ جاریہ سال ہماری نیوکلیئر افواج میں مزید 40 نئے بین البراعظمی میزائیل شامل کئے جائیں گے۔ اس سے روس کسی پر بھی غالب آسکے گا۔ یہ ٹکنالوجی کے اعتبار سے انتہائی عصری میزائیل دفاعی نظام ہیں۔ بروسیلز سے موصولہ اطلاع کے بموجب ناٹو کے سربراہ جینس اسٹولٹن برگ نے انتباہ دیا کہ 40 نئے نیوکلیئر بین البراعظمی میزائیلس تعینات کرنے کا روسی منصوبہ روس کے خطرناک رویہ کا ایک نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوٹن کا بیان صرف روس کے اس رویہ کی روثیق ہے جو آئندہ دنوں میں منظر عام پر آئے گا۔ ناٹو قائدین گزشتہ ستمبر میں ایک چوٹی کانفرنس میں اتفاق رائے کرچکے ہیں کہ اپنے دفاعی بجٹ میں اضافہ کریں گے اور ایک نئی تیز رفتار ردعمل فوج کریں گے۔
جنرل سہاگ کی سربراہِ فوج
بنگلہ دیش سے ملاقات
ڈھاکہ ۔ 16 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ سہاگ نے بنگلہ دیش کے سربراہِ فوج سے ملاقات کی تاکہ فوجی کارروائی میں اضافہ کیا جائے۔ چند دن قبل وزیراعظم نریندر مودی بنگلہ دیش کا دورہ کر کے باہمی تعلقات کے استحکام کیلئے اہم معاہدے کرچکے ہیں۔ جنرل سہاگ کا دو روزہ بنگلہ دیش سربراہ فوج بنگلہ دیش جنرل اقبال کریم بھویاں کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ اختتام کو پہنچا۔