روزے خطرناک ہوسکتے ہیں : ڈنمارک وزیر

اسٹاکہوم 21 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے مخالف امیگریشن پالیسیوں کیلئے مشہور ایک ڈنمارک وزیر نے آج مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ رمضان میں روزوں کے دوران کچھ وقت کام سے دوری اختیار کریں کیونکہ یہ عمل ہم سب کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے ۔ امیگریشن و انٹیگریشن وزیر انگر اسٹوجبرگ نے یہ ریمارک ایسے وقت میں کئے ہیں جبکہ دنیا بھر میں ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوچکا ہے اور مسلمان روزے رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک کالم میں تحریر کیا کہ وہ تمام مسلمانوں پر زور دیتی ہیں کہ وہ ماہ رمضان کے دوران کام سے رخصت حاصل کرلیں تاکہ اس کے منفی اثرات ڈنمارک کے سماج پر مرتب نہ ہونے پائیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں حیرت ہے کہ ایک 1400 سال قدیم مذہبی روایت آج کے سماج اور لیبر مارکٹ میں کس طرح درست ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوف ہے کہ روزوں کی وجہ سے تحفظ اور پیداوار متاثر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں بس ڈرائیور س کی مثال پیش کی اور کہا کہ یہ لوگ کئی کئی گھنٹوں تک نہ کچھ کھاتے ہیں اور نہ پیتے ہیں۔ یہ عمل ہم سب کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے ۔