نئی دہلی۔19 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی پولیس کو آج یہاں ایک عدالت نے مہاراشٹرا سدن میں رمضان کے دوران آئی آر سی ٹی سی ملازم کو جو روزہ سے تھا ، مبینہ طورپر زبردستی کھانا کھلادینے کے پیش نظر شیوسینا ایم پی راجن وچارے کے خلاف درج ایف آئی آر کی شکایت پر کی گئی کارروائی رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ آکاش جین نے پولیس سے کہا کہ اے ٹی آر 10 ستمبر تک پیش کردی جائے جو سوشیل ورکر کامران صدیقی کی دائرکردہ شکایت کے پیش نظر تیار کی گئی ہے ۔ مختصر سماعت کے دوران عدالت نے صدیقی سے استفسار کیا کہ انھوں نے کیوں یہ شکایت دائر کی جبکہ مبینہ متاثرہ شخص جسے شیوسینا ایم پی نے زبردستی کھانا کھلاکر روزہ تڑوادیا ، وہ اپنی طرف سے کوئی شکایت لے کر آگے نہیں آیا ہے ۔ مجسٹریٹ نے شکایت کنندے سے کہا کہ آپ کو کیا تکلیف پہونچی ہے جبکہ مبینہ متاثرہ فرد اس معاملے میں آگے نہیں آیا تو پھر آپ کیوں یہ شکایت پیش کررہے ہیں ۔ اس پر جواب دیتے ہوئے صدیقی اور اُن کے وکلاء کامران ملک اور وشال سنہا نے عدالت کو بتایا کہ وہ عوامی جذبہ کے حامل اشخاص ہیں اور انھوں نے کئی دیگر مسائل پر بھی مختلف پی آئی ایل درخواستیں اور شکایتیں داخل کی ہیں۔ انھوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ متاثرہ شخص کنٹراکٹ کا ملازم ہے اور وہ اس مسئلہ پر شکایت پیش نہیں کرسکتا۔