حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : سیاست نے ہمیشہ مظلوموں کیلئے آواز اٹھائی ہے ۔ شہر حیدرآباد میں ہورہے دھوکہ دہی کے واقعات کو سیاست نے منظر عام پر لایا جس کے نتیجہ میں پولیس متحرک ہوتے ہوئے خاطیوں کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار شدہ ملزموں نے پولیس کو بتایا کہ وہ ایک بین الاقوامی گروہ کیلئے کام کررہے ہیں ۔نمائندہ سیاست نے 11 جنوری کو علاقہ کالا پتھر تاڑبن کی رہنے والی ایک خاتون کے متعلق خبر چھاپی تھی ۔ یہ خاتون کے بی سی کے 25 لاکھ روپئے انعام حاصل کرنے کی چکر میں 30 ہزار روپئے ملزموں کے بنک اکاونٹ میں جمع کرادیے تھے ۔ ہمارے نمائندے نے اس خاتون کی رہبری کی اور تاڑبن پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرانے کی بات کہی لیکن پولیس عملے نے پہلے تو آناکانی کی پھر بعد میں کیس درج کرلیا ۔ اب اس خاتون کو روپئے واپس ملنے کی امید جاگی ہے ۔ اس خاتون نے جناب زاہد علی خاں اور جناب عامر علی خاں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سیاست کے بے حد ممنون و مشکور ہیں ۔ اس دھوکہ دہی میں کئی خواتین متاثر ہوئیں تھی جن کو روپئے واپس ملنے کی امید ہوگئی ہے۔