ایک کیلے کو روزانہ کھانا ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔فالج اور ہارٹ اٹیک سے بچاؤں سے متعلق یہ بات امریکہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئیالاباما یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ پوٹاشیم سے بھرپور غذائیں خون کی شریانوں کو سکڑنے یا خون گاڑھا ہونے کے جان لیوا عمل سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔اس سے پہلے یہ بات سامنے آچکی ہے کہ سختی کا شکار شریانیں کسی بھی فرد میں ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔
اس تحقیق میں بتایاگیا کہ پوٹاشیم ان جینز کو ریگولیٹ کرتا ہے جو کہ شریانوں کی لچک کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔اس تحقیق کے دوران چوہوں کو زیادہ کم، نارمل یا زیادہ مقدار والی پوٹاشیم سے بھرپور غذاؤں کا استعمال کرایا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ کم پوٹاشیم والی غذا سے شریانیں زیادہ سخت اور غیرلچکدار ہوئیں جبکہ زیادہ پوٹاشیم سے شریانوں کی لچک میں اضافہ ہوا، جبکہ سختی بھی کم ہوئی۔
محققین کا کہنا تھا کہ روزانہ صرف ایک کیلا کھانے کی عادت بھی فالج اور ہارٹ اٹیک سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مناسب مقدار میں پوٹاشیم کا استعمال خون کی شریانوں میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے تحفظ دیتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل آف کلینیکل انویسٹی گیشن ان سائٹ میں شائع ہوئے۔