روایتی بی بی کے علم کا جلوس کا پرامن اختتام

ہزاروں عزاداران کی شرکت، پولیس کا وسیع تر بندوبست
حیدرآباد۔/22ستمبر، ( سیاست نیوز) یوم عاشورہ کے موقع پر روایتی بی بی کے علم کا جلوس عقیدت و احترام کے ساتھ نکالاگیا۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے وسیع تر صیانتی انتظامات کئے گئے تھے اور جلوس کی گذر گاہوں پر ٹریفک کے رُخ کو موڑ دیا گیا تھا۔ جلوس میں ہزاروں عزا داران نے شرکت کی۔ تاریخی بی بی کا علم الاوہ بی بی سے نکل کر شیخ فیض کی کمان، اعتبار چوک، کوٹلہ عالیجاہ، چارمینار، پنجہ شاہ، قدم رسول، میر عالم منڈی، پرانی حویلی، دارالشفاء سے ہوتا ہوا چادر گھاٹ پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر بی بی کے علم کو جگہ جگہ ڈھٹی پیش کی گئی اور مختلف انجمنوں اور گروہوں کی جانب سے ماتم پیش کیا گیا اور سینہ زنی کی گئی۔ پولیس نے ہاتھی پر نکالے گئے اس تاریخی جلوس کی نگرانی کیلئے سٹی پولیس کے اعلیٰ عہدیداران موجود تھے اور گھوڑ سوار پولیس کی جمعیت کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔