رمضان کا آخری عشرہ ، حرم شریف میں مسلمانوں کا کثیر اجتماع

مسجد الحرام اور کعبۃ اللہ کو خوشبوؤں سے معطر کرنے کی مہم ، عبدالرحمن السدیس کی راست نگرانی میں انتظامات

مکہ معظمہ ۔ /3 جون (سیاست ڈاٹ کام) رمضان المبارک کے آخری عشرہ کا منگل سے آغاز ہورہا ہے ۔ حرم شریف میں ہر سال کی طرح اس سال بھی اقطاع عالم سے آنے والے لاکھوں مسلمانوں کا کثیر اجتماع دیکھا جارہا ہے خاص کر طاق راتوں کی عبادت کے لئے خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے ۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں روزہ داروں اور معتکفین کے لئے اس سال خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ کمیٹی کے سربراہ اعلیٰ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی راست نگرانی میں انتظامات کئے گئے ہیں۔ عازمین عمرہ ، روزہ داروں اور عبادت گذاروں کے لئے روح پرور فضاء کے ساتھ روحانی قلب کے احساس کو مزید معطر بنانے کے لئے مسجد الحرام اور خانہ کعبہ کو خوشبوؤں سے معطر کرنے کی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے عبدالرحمن السدیس نے حجر اسود کو عطر سے غسل دیا ۔ ان انتظامات کا مقصد بیت اللہ شریف کی تعظیم و تکریم کے علاوہ اقطاع عالم سے آنے والے لاکھوں مسلمانوں کے ساتھ حسن سلوک کا اہتمام کرنا ہے ۔ حرم شریف میں وسیع تر انتظامات کی ہر کوئی ستائش کرتا ہے ۔ رات دن ہزاروں خادمین اپنے فرائض کی انجام دہی کے ذریعہ صاف ستھرا پرسکون ماحول پیدا کرتے ہیں ۔ مسجد الحرام کی تاریخ میں پہلی مرتبہ روزانہ کی اساس پر 60 سے زیادہ (مبخرے) استعمال کئے جارہے ہیں ۔ ان میں نہایت ہی عمدہ اور اعلیٰ درجہ کی خوشبودار لکڑی استعمال کی جاتی ہے ۔ اس سے اٹھنے والے دھویں سے زائرین کو معطر کرنے کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ رمضان المبارک میں عمرہ کے ادائیگی اور طاق راتوں میں عبادتوں ، دعائیں ، ذکر و اذکار کو اہمیت دینے والے لاکھوں مسلمان حرم شریف میں اپنی موجودگی باعث رحمت متصور کرتے ہیں ۔ اس سال انتظامی کمیٹی نے شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے جو رمضان کے آخری عشرہ کے ایام میں روزانہ 60 کیلو اعلیٰ درجے کی خوشبو استعمال کرتے ہوئے حرم کے سارے علاقہ کو معطر کیا جائے گا ۔ حجر اسود اور ملتزم کو روزانہ 5 مرتبہ اعلیٰ درجے کے عود کی خوشبو سے معطر کیا جائے گا ۔ 5 کیلو سے زیادہ عود روزانہ کی بنیاد پر استعمال ہوگا ۔ تراویح اور تہجد کی نماز کے موقع پر روح پرور مناظر دکھائی دیتے ہیں ۔ گورنر مدینہ منورہ الفیصل نے مسجد نبوی کی چھت پر معتکفین کے لئے خصوصی انتظام کیا ہے جہاں 10 ہزار معتکفین کو اعتکاف کی سہولت ہوگی ۔ اب تک مسجد نبویؐ کے احاطہ میں معتکف حضرات اپنی سہولت کے مطابق اعتکاف پر بیٹھ جاتے تھے جس سے دیگر مصلیوں کو دشواریاں ہوتی تھیں ۔ اس سال تمام معتکفین کو مسجد نبویؐ کی چھت پر انتظام کیا گیا ہے تاکہ مسجد نبویؐ کے اندر صرف عبادت گذاروں کو نمازوں اور ذکر و اذکار میں آسانیاں پیدا ہوسکیں ۔