ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا شاہی مسجد باغ عامہ کا دورہ ۔ انتظامات سے واقفیت حاصل کی
حیدرآباد۔/20جون، ( سیاست نیوز) رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج شاہی مسجد باغ عامہ کا دورہ کیا اور وہاں مصلیوں کیلئے موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ رمضان کے خصوصی انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ رمضان کے موقع پر مصلیوں کیلئے نماز اور افطار کے موقع پر تمام سہولتیں فراہم کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے مسجد میں مصلیوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر شیڈ میں توسیع کی ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ مسجد میں پانی کی سربراہی کے علاوہ صحت و صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے مسجد کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ حال ہی میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کرکے مساجد اور عیدگاہوں کی آہک پاشی اور تزئین نو کے سلسلہ میں 5 کروڑ روپئے کی اجرائی سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے علاوہ تلنگانہ کے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران عید گاہوں اور مساجد کے پاس خصوصی انتظامات کریں۔ اس کے علاوہ پانی اور برقی کی سربراہی کے سلسلہ میں بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ نمازوں اور خاص طور پر افطار کے موقع پر برقی کی بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع کلکٹرس مجالس مقامی کے ذریعہ عید گاہوں اور مساجد کے اطراف صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔ محمود علی نے بتایا کہ وہ بہت جلد پھر ایک مرتبہ شہر کی اہم مساجد کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔