رمضان میں مسلم سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل گھر جانے کی اجازت

حیدرآباد ۔18 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران مسلم سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل دفاتر سے جانے کی اجازت دیدی ہے ۔ اس سلسلہ میں حکومت نے احکامات کو منظوری دیدی ۔ حکومت کے فیصلہ کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی مسلم ملازمین سرکار 4 بجے دفاتر سے روانہ ہوسکتے ہیں۔ یہ سہولت رمضان المبارک کے اختتام تک جاری رہے گی ۔ گزشتہ کئی برسوں سے مسلم سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ کی یہ روایت برقرار ہے جسے تلنگانہ حکومت نے جاری کیا ہے۔ رمضان المبارک کے انتظامات سے متعلق حالیہ جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے مسلم ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل روانگی کی اجازت دینے سے اتفاق کیا تھا۔ دوسری طرف حکومت آندھراپردیش بھی سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل روانگی کی اجازت دینے کا فیصلہ کرچکی ہے ۔