حکومت سے مناسب انتظامات ندارد، برقی سربراہی کے ناقص انتظامات
حیدرآباد 28 جون (سیاست نیوز) محکمہ برقی کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران بلاوقفہ معیاری برقی کی سربراہی کے وعدے وفا نہیں ہوسکے بلکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں عین سحر و افطار کے وقت برقی سربراہی میں خلل پیدا ہونے کی متعدد شکایات موصول ہورہی ہیں۔ اس کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی مناسب انتظامات نہ کئے جانے پر عوام میں حکومت اور منتخبہ نمائندوں کے خلاف سخت برہمی پائی جاتی ہے۔ پرانے شہر کے علاقوں مصری گنج، کالا پتھر، تاڑبن، فتح دروازہ، شاہ علی بنڈہ، قاضی پورہ، مغل پورہ، تالاب کٹہ، عیدی بازار، رین بازار، سنتوش نگر، چھتہ بازار، دبیرپورہ، ملک پیٹ سے روزانہ اِس بات کی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ عین سحر و افطار کے وقت برقی سربراہی منقطع ہورہی ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ایک روایتی اجلاس بضمن رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں منعقد کیا گیا لیکن اس اجلاس کے کوئی مثبت نتائج برآمد نہیں ہوئے۔ سابق میں چیف منسٹر کی نگرانی میں یہ اجلاس منعقد ہوا کرتے تھے اور اِن اجلاسوں میں دی گئی ہدایات پر مؤثر عمل آوری کے لئے عہدیداروں کو پابند بنایا جاتا تھا لیکن اس مرتبہ ایسا نہ ہونے کے باعث عہدیداروں کو بھی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ پرانے شہر کے علاقوں میں ماہ رمضان المبارک کی سرگرمیاں اب عروج پر پہونچ چکی ہیں ایسی صورت میں برقی سربراہی کا منقطع ہونا عوام بالخصوص تاجرین کے لئے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران تجارتی سرگرمیوں میں چمک دمک کے لئے اچانک برقی کے استعمال میں ہونے والے اضافہ کے باعث بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانا مشکل ہوتا ہے۔ لیکن اِس کے باوجود محکمہ برقی کے ایمرجنسی عملہ کو 24 گھنٹے مستعد رکھا جارہا ہے تاکہ کسی بھی طرح کی شکایت کی صورت میں مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنایا جاسکے۔ پرانے شہر کے عوام کا مطالبہ ہے کہ محکمہ برقی کی جانب سے ماہ رمضان المبارک کے دوران پرانے شہر کے علاوہ شہر کے اُن مقامات کے لئے جنھیں تجارتی مراکز تصور کیا جاتا ہے ایک علیحدہ کنٹرول روم خصوصی طور پر قائم کیا جائے تاکہ برقی منقطع ہونے کی شکایت پر فوری کارروائی ہوسکے۔ گزشتہ چند یوم سے یہ دیکھا جارہا ہے کہ برقی سربراہی سحر کے وقت تقریباً 3 بجے کے قریب منقطع کردی جارہی ہے اور 4 بجے تک برقی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ چلتا رہتا ہے۔ اِسی طرح رات 8 بجے سے 12 بجے تک بھی وقفہ وقفہ سے برقی سربراہی منقطع ہوتی رہتی ہے جس سے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔