رمضان المبارک میں مساجد کے اطراف صفائی کے خصوصی انتظامات

کمشنر جی ایچ ایم سی جناردھن ریڈی سے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ملاقات
حیدرآباد۔10 مئی (سیاست نیوز) کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن جناردھن ریڈی نے صدرنشین وقف بورڈ و رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم کو تیقن دیا کہ رمضان المبارک کے دوران شہر میں مساجد کے اطراف صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تاریخی مکہ مسجد کے بیت الخلائوں کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل مسجد میں تمام ضروری کام مکمل کرلیے جائیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کمشنر جی ایچ ایم سی سے ملاقات کی اور گزشتہ دنوں وقف بورڈ میں طلب کردہ جائزہ اجلاس کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ بیرونی دورے پر روانگی کے سبب جناردھن ریڈی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ محمد سلیم نے تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد باغ عامہ کے انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کی خواہش کی اور کہا کہ رمضان المبارک کے دوران روزانہ ہزاروں روزہ دار مسجد پہنچتے ہیں لہٰذا اطراف و اکناف صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سحر اور افطار کے بعد دو مرتبہ کچرے کی نکاسی عمل میں لائی جائے اس کے لیے زائد اسٹاف کی تعیناتی عمل میں لائیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ تاریخی مکہ مسجد میں جو کام میونسپل کارپوریشن کے تحت ہیں ان کی تکمیل جنگی خطوط پر ہونی چاہئے۔ جناردھن ریڈی نے تیقن دیا کہ وہ رمضان المبارک کے دوران مساجد کے اطراف انتظامات کے لیے عہدیداروں کی ٹیم مقرر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے پیش نظر صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد کے صحن میں ٹینٹ کو جو نقصان پہنچا تھا اسے درست کردیا گیا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ کل جمعہ کو مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کمشنر جی ایچ ایم سی کی خصوصی دلچسپی پر اظہار تشکر کیا۔