رمضان المبارک میںکچہرے کی نکاسی کے لیے خصوصی عملہ کی تعیناتی

کمشنر بلدیہ دانا کشور کا علماء و مشائخین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔2مئی (سیاست نیوز) شہر میں ماہ رمضان المبار ک کے دوران شہریوں کو کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے اور شہر کے تجارتی علاقوں سے کچہرے کی نکاسی کے علاوہ دیگر بلدی امور کی انجام دہی کیلئے خصوصی عملہ کو متعین کیا جائے گا۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے آج علماء و مشائخین کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہو ںنے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں 1186 مساجد موجود ہیں ان مساجد کے اطراف صفائی ودیگر انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس اجلاس میں مولانا سید شاہ قبول پاشاہ قادری شطاری ‘ مولانا سید شاہ اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ ‘کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار ‘مسٹر ترون جوشی‘ مسٹر عنبر کشور جھاڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون‘ مسٹر کے بابو راؤ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹریفک کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں تجارتی علاقوں کی صفائی کے لئے 20خصوصی گاڑیوں کو متعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کچہرے کی فوری نکاسی عمل میں لائی جا سکے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے انتظامات کو قطعیت دینے کے لئے 22لاکھ روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں ۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے اجلاس کے دوران کہا کہ شہر میں عوام کو کسی قسم کی مشکلات نہ ہوں اس کے لئے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ مسٹر انجنی کمار کمشنر پولیس نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران امن و امان کی برقراری کے علاوہ عبادتوں میں خلل پیدا نہ ہو اس کے لئے محکمہ پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے اور کسی بھی علاقہ میں ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کیلئے زائد پولیس اہلکاروں کو ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی ۔ بعد ازاں عہدیداروں نے چارمینار پہنچ کر مینار کے منہدمہ حصہ کا جائزہ لیا اور کمشنر پولیس نے پرانی حویلی میں ساؤتھ زون کے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ماہ رمضان المبارک کے دوران انتظامات کو قطعیت دی۔