رمضان المبارک سے قبل موثر انتظامات

عہدیداروں کے ساتھ اجلاس ، محمد سلیم کو کے سی آر کا تیقن
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ قانون ساز کونسل میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے رکن کونسل تلگو دیشم پارٹی مسٹر محمد سلیم کی جانب سے شہر میں برقی ، پانی وغیرہ کے مسئلہ کو موضوع بحث بناتے ہوئے کئے گئے احتجاج پر اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی بونال تہوار وغیرہ کے سلسلہ میں بڑے پیمانے پر انتظامات کو قطعیت دینے کے لیے آئندہ دو چار یوم میں ایک اعلی سطحی اجلاس طلب کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ اس اجلاس میں محکمہ جات پولیس ، جی ایچ ایم سی ، برقی ، حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیداروں کو مدعو کیا جائے گا ۔ مسٹر محمد سلیم نے آج سہ پہر قانون ساز کونسل میں چیف منسٹر کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شب برات کے موقعہ پر شہر میں برقی بریک ڈاون کے واقعات پر سخت احتجاج کیا اور کہا کہ مسلمانوں کے لیے شب برات جیسی مقدس عبادت کی جانے والی رات کے اوقات میں مسلسل برقی سربراہی میں خلل اندازی کے واقعہ سے واقف کروایا اور کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں برقی قلت کا شہریوں کو سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

دولت مند طبقہ جنریٹر یا انورٹر وغیرہ کے ذریعہ برقی فائدہ حاصل کررہا ہے لیکن غریب طبقہ برقی مسائل سے دوچار ہے ۔ انہوں نے آئندہ دنوں میں ماہ رمضان المبارک کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں بلا وقفہ کسی خلل اندازی کے بغیر برقی سربراہی کو یقینی بنانے قبل از وقت ہی انتظامات کو یقینی بنائیں علاوہ ازیں دونوں شہروں میں پانی کی قلت کا بھی مسئلہ درپیش ہے ۔ بالخصوص سلم علاقوں میں غریب عوام ایک ایک بوند پانی کے لیے ترس رہے ہیں ۔ مسٹر سلیم نے بتایا کہ انہوں نے چیف منسٹر سے سلم علاقوں کے لیے واٹر ٹینکرس کے ذریعہ پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے خستہ سڑکوں کی تعمیر و مرمتی کاموں پر اولین ترجیح دینے کے ساتھ ساتھ صحت و صفائی کے انتظامات کرنے ، ماہ رمضان کے دوران بازاریں رات دیر گئے تک کھلی رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے امن و ضبط کی برقراری پر اولین ترجیح دے کر موثر صیانتی انتظامات کو یقینی بنانے ، مساجد کے پاس کچرے وغیرہ کی کسی تاخیر کے بغیر نکاسی کو یقینی بنانے کے عملی اقدامات کرنے کا چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے پر زور مطالبہ کیا ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مسٹر محمد سلیم کی اس نمائندگی پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور آئندہ دو چار یوم میں اعلی عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرنے کا واضح تیقن دیا ۔۔