رمضان المبارک ، رحمت برکت اور مغفرت کا مہینہ

ماہِ رمضان المبارک اسلامی سال کے بارہ مہینوں میں سب سے افضل مہینہ ہے ۔ اسے مہینوں کا سردار کہا جاتا ہے۔ رمضان ، رمض سے مشتق ہے جس کے معنی گرمی یا جلانے کے ہیں۔ رمضان میں روزہ رکھ کر انسان اپنے نفس کو اور اس کی خواہشات و ترغیبات کو جلادیتا ہے ۔ رمضان کے پانچ حروف ہیں ر … م … ض … ۱ … ن ۔ ر سے رضائے الٰہی پانے کا مہینہ ، م سے مغفرت طلب کرنے کا مہینہ ، ض سے ضمانت اﷲ کی جانب سے بندے کو شیطان کے وسوسے اور اس کی ترغیبات سے نجات کی ضمانت ، ا ، سے احسان و انعام اس ماہ میں بندے پر ۔ اﷲ کے اتنے احسانات ہوتے ہیں کے ان کا شمار نہیں کیا جاسکتا ۔ن ، سے نور ، اﷲ پاک رمضان المبارک میں روزے دار کے چہرے نورانی بنادیتا ہے۔ رمضان المبارک اﷲ کا پسندیدہ مہینہ ہے ۔ اس مبارک مہینے میں اﷲ تعالیٰ اپنے بندوں پر خاص توجہ فرماتے ہیں ۔ ہر نیکی کا ثواب دس سے ستر گنا بڑھا دیا جاتا ہے ۔ یہ نیکیوں کے بہار کا مہینہ ہے ۔ یہ عبادت و ریاضت کا مہینہ ہے ۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں اﷲ تعالیٰ نے قرآن جیسی عظیم المرتبت کتاب نازل فرمائی ہے جو سارے عالم کیلئے انعام عظیم اور ہدایت ہے ۔ حدیث میں آیا ہے کہ روزہ رکھنا ، سحری کھانا ، افطار کرنا ، تراویح اور پنچ وقتہ نماز باقاعدگی سے پڑھنا ، صبر و ضبط کا مظاہرہ کرنا ، گناہوں اور برائیوں سے بچنا سب کے سب مغفرت اور بخشش کے وسیلے ہیں۔ہرروز اﷲ تعالیٰ اس مبارک مہینے میں بہت سے گناہگاروں کو عذاب سے نجات دیتے ہیں اور نیک کام کرنے والوں کو بے شمار ثواب سے نوازتے ہیں ۔ ماہ رمضان میں تین لوگوں کی دعا رد نہیں ہوتی ۔ ایک روزہ دار کی دعا افطار کے وقت ، دوسرا عادل بادشاہ ، تیسرا مظلوم کی دعا ۔ اس مبارک مہینے میں اﷲ تعالیٰ ہر مسلمان کی ایک دعا ضرور قبول کرتے ہیں۔ یہی وہ مہینہ ہے جس کے دن اور راتیں دونوں فضیلت والے ہیں ۔