رقہ میں داعش کیخلاف امریکی تائید یافتہ کرد اتحاد کے حملے

دہشت گردوں کے کنٹرول کے خاتمہ کی لڑائی میں مغربی محاذ پر کامیابی
بیروت۔/3 جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) شام کے ایک نگران ادارہ نے کہا ہے کہ امریکہ کی تائید یا فتہ کرد۔ غرب اتحاد نے اسلامک اسٹیٹ ( داعش ) کے زیر کنٹرول رقہ میں ایک مغربی علاقہ پر قبضہ کرلیاہے جس کے ساتھ ہی یہ اتحاد اس شہر پر قطعی حملے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ شامی جمہوری فورسیس نے گذشتہ سال نومبر میں شمالی شام میں رقہ پر قبضہ کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی تھی۔ برطانیہ میں واقع شامی رصد گاہ  برائے نگرانی انسانی حقوق نے کہا کہ شامی جمہوری فورسیس (ایس ڈی ایف ) نے گذشتہ روز منصورہ ٹاؤن پر قبضہ کرلیا جو دریائے فرات کے کنارے بعث باندھ سے متصل ہے۔ ایس ڈی ایف کے ایک ترجمان طلال سیلو نے تفصیلات بتائے بغیر توثیق کی کہ ان کی فورسیس مغربی محاذ کی سمت پیشقدمی کررہی ہیں۔ رصد گاہ کے ڈائرکٹر رامی عبدالرحمن نے کہا کہ ’’ یہ پیشقدمی ایس ڈی ایف کو دریائے فرات کے جنوبی کنارے پر اپنے کنٹرول کو وسعت دینے کا موقع فراہم کرے گی اور شہر رقہ سے داعش کو نکال باہر کرنے کیلئے قطعی لڑائی کے آغاز سے قبل ایس ڈی ایف کے مغربی مورچہ کو مستحکم کرے گی‘‘۔ انہوں نے کہا کہ’’ ہم ایک بڑی لڑائی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔‘‘