رقعے پر دیوتاؤں کی تصاویر ، نکاح پڑھانے سے قاضی کا انکار

لکھنؤ ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں ایک مسلمان درزی نے اپنی بیٹی کی شادی کیلئے ہندو دیوی دیوتا ’رام اور سیتا‘ کی تصویر والا رقعہ چھپوا یا تھا جس کے بعد مقامی امام مسجد نے لڑکی کا نکاح پڑھانے سے انکار کر دیا۔ریاست علاقے شاہجہان پور کے گاؤں اللہ گنج کے رہنے والے عبادت علی نے بتایا کہ گاؤں میں تمام شادیوں کیلئے جس طرح کے رقعے چھپوائے جاتے ہیں اس نے بھی ویسا ہی کارڈ چھپوایا اور جب علاقے کے امام مسجد جو قاضی بھی ہوتے ہیں کو دعوت نامہ دیا گیا تو انہوں نے اس پر چھپی رام اور سیتا کی تصویر کو حرام قرار دیتے ہوئے میری بیٹی کا نکاح پڑھانے سے انکار کر دیا۔عبادت علی نے بتایا کہ علاقے کے تمام افراد ہندو ہیں اسی لئے انہوں نے ان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کسی اور سے نکاح پڑھانے کا انتظام کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔