رفالے طیاروں کی خریدی ، معاہدہ کیلئے ہند۔فرانس ٹیم کی تشکیل

نئی دہلی ۔ 6 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور فرانس نے وقت مقررہ میں پرواز کے قابل 36 رفالے جنگی طیاروں کی حصولیابی کی تفصیلات کو قطعیت دینے کیلئے مشترکہ ٹیم کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ آج ہندوستان کے دورہ پر اتے ہوئے فرانس کے وزیر دفاع جین یوس لی ڈرین اور ان کے ہم منصب منوہر پاریکر کے درمیان منعقدہ اجلاس میں کیا گیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ ماہ دورہ فرانس کے موقع پر 36 رفالے جنگی طیارے خریدنے کا اعلان کیا تھا اور اس خصوص میں ایک معاہدہ پر دستخط کئے گئے تھے اور اس معا ہدہ کو عملی شکل دینے کیلئے دونوں وزرائے دفاع نے آج ملاقات کی اور وقت مقررہ میں جنگی طیاروں کو عصری بناتے ہوئے حوالے کرنے کے طریقہ کار پر غور و خوض کیا گا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ فرانس سے جنگی طیاروں کی خریداری کی معاملت 6 بلین ڈالر کی ہے۔