ٹی آر ایس ایم ایل سی کے پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے کہا کہ رعیتو بندھو اسکیم اور کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر میں بے قاعدگیوں سے متعلق کانگریس کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پربھاکر نے کہا کہ کانگریس قائدین معلومات کی کمی کا شکار ہیں یا پھر جان بوجھ کر حکومت کے خلاف الزام تراشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس قائدین اپنے رویہ میں تبدیلی نہیں لائیں گے تو آئندہ انتخابات میں عوام انہیں سبق سکھائیں گے۔ پربھاکر نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی ستائش ملک کی مختلف ریاستوں کے وزراء اور عہدیداروں نے کی لیکن کانگریس قائدین کی الزام تراشی ختم نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد پراجکٹ ہے لیکن کانگریس قائدین اسے سیاحتی مرکز قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی کانگریس کو برداشت نہیں ہورہی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ ریاست کی پسماندگی برقرار رہے۔ پربھاکر نے کہا کہ کانگریس کے رکن اسمبلی جیون ریڈی جگتیال اور حیدرآباد میں علحدہ علحدہ بیانات جاری کرتے ہیں۔ رعیتو بندھو اسکیم میں بے قاعدگیوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اتم کمار ریڈی کو اقتدار کا بھوت سوار ہوچکا ہے۔ اور وہ الزام تراشی کے وقت سچائی کا پتہ چلائے بغیر ہی اظہار خیال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بندھو اسکیم کے ذریعہ کسانوں کو فی ایکر 6000 روپئے کی امداد ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی اسکیم ہے۔