رعایتی ایل پی جی سلنڈرس کوٹہ میں اضافہ متوقع

نئی دہلی 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گھریلو پکوان گیس (ایل پی جی) سلینڈروں کی تعداد میں اضافہ کے لئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کی جانب سے کی گئی پرزور تائید کے بعد وزیر پٹرولیم ایم ویرپا موئیلی نے آج کہاکہ سبسیڈی یافتہ ایل پی جی سلینڈرس کے کوٹہ کو 9 سے بڑھاکر 12 کرنے کی تجویز پر اِس ہفتہ کابینی اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ مسٹر موئیلی نے قومی دارالحکومت میں پٹرول پمپس پر 5 کیلو وزنی پکوان گیس سلینڈرس کی فروخت کا آغاز کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہاکہ ’’ہمارے نائب صدر راہول گاندھی کی جانب سے یہ کہہ جانے کے بعد کہ 9 سلینڈرس کافی نہیں ہورہے ہیں،

میں نے کوٹہ میں سالانہ 12 سلینڈرس تک اضافہ کے لئے کابینہ میں ایک نوٹ پیش کیا ہے۔ اِس پر اِس ہفتہ غور کیا جائے گا‘‘۔ راہول گاندھی نے گزشتہ ہفتہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 14.2 کیلو گرام کے گھریلو پکوان گیاس سلینڈرس کے کوٹہ کو 9 سے بڑھاکر 12 کرنے کی ضرورت ہے۔ ویرپا موئیلی نے کہاکہ ملک میں ایل پی جی کے 15 کروڑ کے منجملہ 89.2 فیصد صارفین سالانہ اوسطاً صرف 9 سلینڈرس کا استعمال کرتے ہیں اور صرف 10 فیصد صارفین کو مارکٹ قیمت پر اضافی سلینڈرس خریدنا پڑتا ہے۔ اگر موجودہ 9 سلینڈرس کے کوٹے کو 12 تک بڑھادیا جائے تو ایل پی جی کے 97 فیصد صارفین کا سبسیڈی یافتہ پکوان گیس کے تحت احاطہ ہوگا۔