رشوت کے خاتمہ کے لیے طویل جدوجہد ، صبر درکار، ویجلنس کمشنر پردیپ کمار کا خطاب

حیدرآباد ۔ 7 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ملک میں رشوت ستانی کی خبریں کافی مضبوط ہیں اور اس کو فوری طور پر ختم نہیں کیا جاسکتا بلکہ اس کے خاتمہ کے لیے ایک طویل جدوجہد اور صبر کی ضرورت ہے ۔ یہاں پاور گریڈ کارپوریشن آف انڈیا پر ویجلنس اسٹڈی سرکل کی سالانہ تقاریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران سنٹرل ویجلنس کمشنر پردیپ کمار نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اسکامس پیش آنے کے بعد محکمہ ویجلنس کی کارروائی جاری ہے ۔ جب کہ انسداد رشوت ستانی کے لیے ایک طویل جدوجہد کی ضرورت ہے اور ویجلنس اسٹڈی سرکل اس لڑائی کا ایک حصہ ہے ۔ رشوت ستانی کو کوئی جادو سے فوری طور پر ختم نہیں کیا جاسکتا ۔ اس کے لیے صبر کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رشوت ستانی کے سبب شہریوں کو بہتر خدمات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رشوت چھوٹے اور بڑے کام جیسے پراجکٹس کے الاٹمنٹ وغیرہ کے لیے دی جارہی ہے اس کی تازہ مثالیں کامن ویلتھ گیمس ، کوئلہ بلاک الاٹمنٹ ہیں ۔ جب کہ ایک عام آدمی جڑ سے رشوت ستانی کے خاتمہ کا خواہش مند ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وہ اپنے ماتحت عہدیداروں سے امید کرتے ہیں کہ وہ رشوت کے خلاف تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے ۔ انہوں نے اس موقع پر ونرس کو ویجلنس ایکسلنس ایوارڈس پیش کیے ۔ قبل ازیں ڈاکٹر سبرامنیم اور بانی ویجلنس اسٹڈی سرکل نے رشوت کے خاتمہ کے لیے شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیا ۔ نرسنگ راؤ وی ایس سی نے رپورٹ پیش کی ۔ سی مرلی دھر راؤ نے شکریہ ادا کیا ۔۔