تحقیقات میں سست روی پر استفسار ، جیون ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( این ایس ایس ) : تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے کانگریس ڈپٹی فلور لیڈر مسٹر ٹی جیون ریڈی نے اس بات کا مطالبہ کیا کہ نوٹ برائے ووٹ اور فون ٹیاپنگ کیسیس کی سی بی آئی تحقیقات کروائی جائے ۔ انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر الزام لگایا کہ وہ اس مسئلہ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں وہ آج یہاں سی ایل پی آفس پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ سے استفسار کیا کہ وہ کیوں نوٹ برائے ووٹ مسئلہ پر اے سی بی کی پیش رفت میں سست روی کیوں اختیار کررہی ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے بھی سوال کیا کہ آخر وہ اس معاملہ پر کیونکر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ مرکز کے اس طرح کے رویہ پر انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب آیا رشوت ستانی کی حوصلہ افزائی تو نہیں ہے ۔ اگر اس کا جواب مثبت رہا تو اس سے جرائم میں مزید اضافہ ہوگا ۔ مسٹر جیون ریڈی نے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس پر الزام عائد کیا کہ وہ مشترکہ طور پر اپنے اسکیمات میں ناکامی اور عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکامی کو چھپانے کے لیے اسطرح کی حرکتیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں مقدمات سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے آگے کہا کہ دونوں جماعتیں ڈرامہ بازی کرتے ہوئے عوام کی نفسیات سے کھیل رہے ہیں ۔۔