رشتوں کے دوبہ دو پروگرام کی جھلکیاں

٭ سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے 83 واں دوبہ دو ملاقات پروگرام اپنی آب و تاب کے ساتھ ریگل کنونشن سنٹر بندلہ گوڑہ میں منعقد ہوا جس میں والدین اور سرپرستوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔٭ اس دوبہ دو پروگرام میں والدین اور سرپرست جناب زاہد علی خاں اور جناب ظہیر الدین علی خاں کو مبارکباد دیتے ہوئے دیکھے گئے۔٭ لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے لئے ایس ایس سی تا پوسٹ گریجویشن کاؤنٹرس قائم کئے گئے تھے اور اس کے ساتھ عقد ثانی اور معذورین کیلئے کاؤنٹر قائم کیا گیا۔٭ جناب زاہد علی خاں نے اپنے خطاب میں شادی کو آسان بنانے پر زور دیا اور ان دنوں رسومات میں جو اسراف و فضول خرچی کی جارہی ہے اس پر تنقید کی۔٭ جناب زاہد علی خاں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اپنی صلاحیت فوج اور آرمی کیلئے بھی استعمال کرنے کے قابل بنائیں تاکہ اس کے ذریعہ ملک کی ایک بڑی خدمت کی جاسکے گی۔٭ اس دوبہ دو پروگرام میں لڑکوں کے 100اور لڑکیوں کے 125 رجسٹریشن ہوئے۔٭ سیاست اور ملت فنڈ کی جانب سے منعقدہ اس دو بہ دو پروگرام میں جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ حکومت نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کیا لیکن ابھی یہ تعطل کا شکار ہے۔ملک کی تمام ریاستوں، اضلاع اور بیرونی ممالک میں مقیم حیدرآبادی فیملیز کے استفادہ و راست طور پر ملاحظہ کیلئے آغاز سے لے کر اختتام تک سیاست کے فیس بک، اسکائیپ اور یو ٹیوب پر راست مشاہدہ کی سہولت مہیا کی گئی۔٭ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اقلیتی اقامتی اسکولس میں داخلوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کاؤنٹر بھی قائم کیا گیا، والدین نے اس کاؤنٹر سے استفادہ کیا۔٭ والدین و سرپرستوں کی بڑی تعداد نے دھوپ کی شدت کے باعث اس دوبہ دو ملاقات پروگرام کے انعقاد کیلئے ریگل کنونشن کے انتظامیہ اور محکمہ پولیس سے اظہار تشکر کیا۔٭ اس دو بہ دو ملاقات پروگرام میں دہلی سے جناب توفیق الرحمن اور ان کی شریک حیات محترمہ ناہید الرحمن نے شرکت کی اور مختلف کاؤنٹرس کا معائنہ کرتے ہوئے خوشنودی کا اظہار کیا اور جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ اور جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر سیاست کو مبارکباد دی۔