عقد اولیٰ اور عقد ثانی کے علحدہ کاؤنٹرس، والینٹرس کا انتخاب
حیدرآباد۔/23جنوری، ( دکن نیوز) میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی مجلس عاملہ نے ’ دو بدو ملاقات ‘ پروگرام کے موقع پر مسلم لڑکوں و لڑکیوں کے والدین اور سرپرستوں کے مابین رشتوں کے انتخاب کیلئے وسیع پیمانے پر باہمی مشاورت کا فیصلہ کیا۔ عاملہ کا اجلاس آج دفتر ایم ڈی ایف احاطہ روز نامہ سیاست پر منعقد ہوا۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے صدارت کی۔ جناب محمد خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری نے اجلاس کی کارروائی چلائی۔ اجلاس میں 37ویں دوبدو ملاقات پروگرام کو قطعیت دی گئی جو ہفتہ 24جنوری کو 10بجے دن تا 4بجے شام ایس اے ایمپریل گارڈن، ٹولی چوکی میں منعقد ہوگا۔ ارکان عاملہ نے پیامات کی نشاندہی اور رہنمائی کیلئے 20کونسلرس کا انتخاب کیا ہے اس کے علاوہ 22والینٹرس ان کی اعانت کریں گے۔ تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے 10کونسلنگ رومس بنائے جارہے ہیں جن میں میڈیسن، انجینئرنگ، پوسٹ گریجویٹ، گریجویٹس، انٹر میڈیٹ، ایس ایس سی، حافظ و عالم، فاضل کے کاؤنٹرس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عقد ثانی کے رشتوں کیلئے علحدہ کاؤنٹر ہوگا جس میں لڑکیوں کی شادی میں تاخیر کے رشتے بھی ملاحظہ کیلئے رکھے جائیں گے۔ دوبدو پروگرام میں خصوصی رجسٹریشن کاؤنٹرس لگائے جارہے ہیں جہاں لڑکوں و لڑکیوں کیلئے نئے رجسٹریشن کئے جائیں گے۔ والدین و سرپرستوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ دو عدد بائیو ڈاٹاس اور دو عدد فوٹوز لائیں۔ اجلاس نے آئندہ ماہ مسلم نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے ’ فری میریج کونسلنگ ‘ منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ جناب اقبال احمد خان، ایم اے قدیر، ڈاکٹر ایوب حیدری نائب صدور، خواجہ معین الدین، میر انور الدین، شاہد حسین، سیدناظم الدین، سید اصغر حسین، صالح عبداللہ باحازق، خدیجہ سلطانہ، کوثر جہاں، ایم اے واحد، محمد برکت علی، احمد صدیقی مکیش، محمد نصر اللہ خان نے مباحث میں حصہ لیا۔ اجلاس میں ایم ڈی ایف کے دفتر کی تزئین نو کیلئے ارکان نے جناب زاہد علی خاں اور جناب ظہیر الدین علی خان سے اظہار تشکر کیا۔ جناب خواجہ معین الدین کے شکریئے پر اجلاس اختتام کو پہنچا۔