حیدرآباد ۔ 23 جنوری (سیاست نیوز) شہر میں نئی اور مستعملہ گاڑیوں کا گذشتہ چند ہفتوں کے دوران رجسٹریشن کرانے پر روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کی طرف سے زائد از دو ہفتے گذرنے کے باوجود رجسٹریشن کارڈس جاری نہ کئے جانے پر گاڑیوں کے مالکین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ بتایا گیا ہیکہ کارڈس کی قلت کی وجہ سے کارڈس کی چھپائی میں تاخیر ہوئی ہے۔ اس سے قبل صرف ایک ہفتہ کے اندر رجسٹریشن کارڈ حاصل ہوجاتا تھا اب کارڈس کی اجرائی میں غیرمعمولی تاخیر ہورہی ہے۔ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ کارڈس کی اجرائی میں چند ہفتوں سے تاخیر ہورہی ہے۔ آر ٹی اے کے انچارج کمشنر نے کافی مقدار میں کارڈس کی خریدی کی ہے جو دو ماہ کیلئے کافی ہیں۔ چند آر ٹی اوز میں تاخیر ہوسکتی ہے لیکن کارڈس کی پرنٹنگ معمول کے مطابق ہے۔