رجب طیب اردگان ترکی کے پہلے عوامی منتخبہ صدر ‘ انتخابات میں کامیابی

انقرہ 10 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ترکی میں وزیر اعظم رجب طیب اردگان نے ملک کے پہلے راست صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ عبوری نتائج میں یہ بات معلوم ہوئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اب جبکہ تقریبا تمام ووٹ گنتی کرلئے گئے ہیں مسٹر اردگان کو 52 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ ان کے اصل حریف کو 38 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ مسٹر اردگان نے اپنی کامیابی کے بعد کہا کہ عوام نے اپنی خواہش کا اظہار کردیا ہے ۔ انتخابات سے قبل مسٹر اردگان نے کہا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ترکی کی علامتی صدارت کو مستحکم کریں۔ مسٹر اردگان ملک کی معیشت کو بھی مستحکم بنانا چاہتے ہیں اور ان کے ساتھی اس عزم میں ان کے حامی ہیں۔ تاہم مسٹر اردگان کے مخالفین ان پر آمرانہ طرز عمل اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں

اور ان کا کہنا ہے کہ مسٹر اردگان ایک سکیولر ملک میں اسلام پسندی کا رجحان رکھتے ہیں۔ مسٹر رجب طیب اردگان 2003 سے ملک کے وزیر اعظم ہیں اور انہیں ایک اور معیاد کیلئے وزارت عظمی کیلئے مقابلہ کرنے کی اجازت نہیں تھی ۔ انہوں نے صدارتی انتخاب میں مقابلہ کیا اور انہیں راست کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے 50 فیصد ووٹ درکار تھے تاکہ دوسرے دور کی رائے دہی کو ٹالا جاسکے ۔ انہوں نے 52 فیصد ووٹ حاصل کرلئے ہیں۔

ارکان کے خلاف دو دیگر امیدوار میدان میں تھے ۔ ایک اکمل الدین احسان گلو اور ایک کرد سیاست داں صلاح الدین ڈیمیرٹاس تھے ۔ اکمل الدین احسان گلو دو بڑی اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار تھے اور انہوں نے 38 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ ڈیمیرٹاس کو 9 فیصد ہی ووٹ مل سکے ہیں۔ مسٹر اردگان کے حامیوں نے بھی اعلان کردیا ہے کہ اردگان صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے بھی اس کی اطلاع دی ہے ۔ ہفتے کو اپنے آخری انتخابی خطاب میں مسٹر اردگان نے کہا تھا کہ اگر وہ منتخب ہوجاتے ہیں تو ترکی کے جمہوری معیار اور معاشی ریکارڈ کو بہتر بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ کوئی خواب اور کوئی مقصد ترکی کیلئے ناقابل حصول نہیں ہے ۔

مسٹر اردگان جہاں دس سال سے زیادہ عرصہ سے ترکی پر حکومت کر رہے ہیں اور اب صدر کی حیثیت سے ان کے اقتدار میں مزید پانچ سال کی توسیع ہوگئی ہے ۔ اردگان کی برسر اقتدار انصاف و ترقی پارٹی کے نائب صدر نشین حسین سیلک نے دارالحکومت انقرہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اردگان نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ کل ترکی کیلئے نیا دن ہوگا ۔ پارٹی کے ایک اور نائب صدر نشین مصطفی سینٹاپ نے بتایا کہ اردگان نے ترکی کے پہلے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی ہے اور انہوں نے 52 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کئے ہیں۔ ترکی کی سیاست میں ان انتخابات کو بہت اہمیت حاصل تھی کیونکہ عوام تاریخ میں پہلی مرتبہ صدر کا انتخاب کر رہے تھے ۔ امکان ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کا سرکاری طور پر پیر کو اعلان کیا جائیگا ۔