رتنا پربھا کا نام جگن کیس سے خارج، عدالت کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 18 جون (پی ٹی آئی) حیدرآباد کے جوڈیکچر ہائی کورٹ (سابق آندھراپردیش ہائیکورٹ) نے ایک سینئر آئی اے ایس افسر کے رتناپربھا کی طرف سے دائر کردہ درخواست کو قبول کرلیا ہے جس میں انہوں نے وائی ایس جگن موہن ریڈی سے متعلق ایک مقدمہ میں اندوٹیک زود کو اراضی مختص کرنے کے بارے میں سی بی آئی کی طرف سے دائر کردہ ایک مقدمہ سے ان کا نام حذف کرنے کی درخواست کی تھی۔ جسٹس وی سوامی اپا راؤ نے آج رتناپربھا کی اس درخواست کو منظور کیا جس میں انہوں نے اپنے خلاف اس مقدمہ سے اس بنیاد پر اپنا نام خارج کرنے کی درخواست کی تھی کہ سی بی آئی نے دائرکار و دائرہ اختیار نہ رکھتے ہوئے بنیادی سطح پر حقائق کی توثیق کے بغیر ہی ان کا نام شامل کرلیا تھا۔ سی بی آئی کے ایک وکیل کیشو راؤ نے کہا کہ اس درخواست کو قبول کرلیا گیا ہے لیکن انہیں ہنوز ان احکام کی نقل وصول ہوئی ہے۔ عدالتی احکام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ کے رتناپربھا نے کہا کہ ’’میں نے اس مقدمہ کے حقائق کی بنیاد پر اپنا نام خارج کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس فیصلہ کے ذریعہ انصاف کیا گیا ہے۔ میں نے کسی فرد یا ادارہ کی کوئی غیرضروری مدد نہیں کی۔ تمام کارروائیاں ضابطہ کار کے مطابق کی گئی‘‘۔