صرف ناظر رباط کے ویب سائیٹ پر داخل درخواستیں قابل قبول : حسین شریف
حیدرآباد۔/19اپریل، ( سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی رباط نظام میں آندھرا پردیش کے عازمین حج کے قیام کے سلسلہ میں ناظر رباط جناب حسین محمد شریف نے قرعہ اندازی کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب کی رائل کورٹ آف مکہ کی جانب سے سرکاری طور پر نامزد کردہ ناظر رباط حیدرآباد جناب حسین محمد شریف نے آندھرا پردیش کے عازمین حج سے رباط میں قیام کے سلسلہ میں آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔ حج 2014 کیلئے آندھرا پردیش کے منتخبہ عازمین حج کو مکہ مکرمہ کی رباط میں مفت قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ناظر رباط کے مطابق رباط میں قیام کے خواہشمند ایسے عازمین حج جن کا سنٹرل حج کمیٹی کی قرعہ اندازی میں انتخاب عمل میں آیا ہو وہ اپنے کور نمبر کے ساتھ آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔www.hrubath.org پر آن لائن درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں جہاں تمام ضروری ہدایات موجود ہیں۔ 18اپریل سے رجسٹریشن کا آغاز ہوچکا ہے اور آن لائن رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15مئی 2014 ہوگی۔ یکم جون 2014کو عازمین حج کی قرعہ اندازی عمل میں آئے گی۔10جون کو منتخبہ عازمین حج کی فہرست کونسل جنرل جدہ کے ذریعہ تصریح کے ساتھ سنٹرل حج کمیٹی کو روانہ کی جائے گی۔ درخواست گذاروں کا نظام اسٹیٹ سے تعلق سے متعلق ثبوت پیش کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ سنٹرل حج کمیٹی کا مصدقہ کور نمبر دیا جائے۔ ناظر رباط نے واضح کردیا کہ کسی اور کمیٹی یا ویب سائٹ پر رباط میں قیام سے متعلق درخواست کو قبول نہیں کیا جائے گا۔صرف ناظر رباط کی ویب سائٹ پر ہی درخواستیں دینے والے اور منتخب عازمین رباط میں قیام کے مستحق ہوں گے۔ حسین شریف نے عازمین حج سے کسی بھی معلومات کے سلسلہ میں ناظر رباط کی مندرجہ بالا ویب سائٹ سے رجوع ہونے کی خواہش کی ہے۔