حیدرآباد ۔ 7مئی ( سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں واقع حیدرآبادی رباط میں تلنگانہ کے عازمین حج کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کل 8مئی سے سعودی عرب کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں ۔ وہ چار دن تک سعودی عرب میں قیام کریں گے جس کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے ۔ وہ حیدرآبادی رباط میں عازمین حج کے قیام کے سلسلہ میں جاری تعطل ختم کرنے کیلئے جدہ میں ہندوستانی کونسل حج ایس ایم مبارک اور ناظر رباط حسین شریف سے مذاکرات کریں گے ۔ قیام کے دوران وہ تلنگانہ کے عازمین حج کے قیام کے سلسلہ میں منتخب کی جارہی عمارتوں کا معائنہ کریں گے ۔ گرین اور عزیزیہ زمرے کی عمارتوں کا معائنہ کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مقررہ حدود کے اندر عمارتوں کا انتخاب کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام سہولتوں سے آراستہ عمارتوں کے انتخاب کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے گرین زمرہ کے عازمین کیلئے تین کلومیٹر فاصلے پر جس عمارت کا انتخاب کیا تھا اس میں تلنگانہ کے عازمین کا قیام لازمی نہیں ہوگا ۔ اس سلسلہ میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ حکومت کو تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرین اور عزیزیہ زمروں کے عازمین کی عمارتیں طئے شدہ فاصلے پر ہوں گی اور اُن میں تمام بنیادی سہولتیں موجود رہیں گی ۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ گذشتہ دو برسوں سے تلنگانہ کے عازمین رباط میں قیام کی سہولت سے محروم ہیں ۔ حکومت جاریہ سال 600 عازمین کے قیام کو یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے ۔ اگرچہ رباط میں اس قدر عازمین کے قیام کی گنجائش نہیں لیکن ناظر رباط نے دو عمارتیں کرایہ پر حاصل کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ناظررباط اور اوقاف کمیٹی نظام کے درمیان جاری تعطل کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ رباط میں قیام کیلئے عازمین کی قرعہ اندازی حیدرآباد میں کی جائے گی ۔ ناظر رباط اور کونسل حج اس موقع پر موجود رہیں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ان دونوں کو حیدرآباد میں قرعہ اندازی کے موقع پر موجود رہنے کی دعوت دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی میں مکمل شفافیت رہے گی اور رباط میں قیام کی سہولت سے عازمین بھاری رقم بچا سکیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ توسیع حرم کے سلسلہ میں رباط کی جن عمارتوں کو منہدم کیا گیا اس کے معاوضہ کے طور پر سعودی حکومت سے نئی عمارتیں حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ نظام حیدرآباد کی جانب سے شروع کردہ اس سہولت سے استفادہ کا سلسلہ جاری رہے ۔ واضح رہے کہ رباط میں قیام کے سلسلہ میں اوقاف کمیٹی اور ناظر رباط نے علحدہ علحدہ طور پر درخواستیں طلب کی ہیں۔