راہول گاندھی کے روڈ شو میں آگ ، غبارے دھماکہ سے پھٹ پڑے

جبل پور ۔ /7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع جبل پور میں کانگر یس صدر ر اہول گاندھی روڈ شو کے دوران بس پر سوار تھے کہ اچانک دھماکے سے غبارے پھٹ پڑے جس سے سراسیمگی پھیل گئی ۔ راہول گاندھی کی گاڑی دھماکہ کے مقام سے کچھ ہی فاصلے پر تھی ۔ اس واقعہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ۔ مدھیہ پردیش میں انتخابی مہم کیلئے راہول گاندھی روڈ شو کررہے تھے کہ ان کے استقبال کیلئے لگائے گئے غباروں کے ڈھیر میں اچانک دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی ۔ پارٹی ورکرس بڑے غباروں کے قریب تیل کے لیمپ بھی جلائے تھے اور راہول گاندھی کی آرتھی بھی اتاررہے تھے ۔ اس واقعہ کے ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ راہول گاندھی ایک کھلی گاڑی میں کھڑے ہوئے ہیں اور ان کے ہمراہ سکیورٹی جوان بھی ہے ۔ سڑک کے دونوں جانب عوام کی کثیر تعداد ان کا استقبال کررہی ہے ۔ اچانک دھماکہ ہوا اور آگ کے شعلے بھڑک اٹھے ۔ اس واقعہ کو راہول گاندھی کی سکیورٹی میں خامی قرار دیا جارہا ہے ۔ راہول گاندھی نے مدھیہ پردیش کے ضلع مورینا میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہونے والے کرپشن اور لوٹ مار کی سزا کسانوں کو بھگتنی پڑتی ہے ۔ آج ووٹ دینے کا حق ہمیں آئین کی وجہ سے ملا ۔ راہول نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وجے مالیا وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے مل کر ہندوستان کی دولت لوٹ کر ملک سے فرار ہوگیا ۔ کسان اپنی زمین کیلئے لڑتا ہے ۔ اسے اٹھاکر باہر پھینک دیا جاتا ہے اور بڑے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ۔