راہول گاندھی کے دورہ کی تیاریوں کا سرگرمی سے جائزہ

گاندھی بھون میںخصوصی بس کا مشاہدہ ۔ شمس آباد ائرپورٹ استقبال کے انتظامات پر صدر پردیش کانگریس کا غور
حیدرآباد 6 اگست ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے راہول گاندھی کے لئے تیار کردہ خصوصی بس کا مشاہدہ کیا ۔ مسلم دانشوروں کے اجلاس میں 12فیصد مسلم تحفظات کے علاوہ ایجنڈے میں شامل کئے جانے والے اُمور کا جائزہ لیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی ‘ صدر کل ہند کانگریس راہول گاندھی کے 13 اور 14 اگست کے دو روزہ پروگرامس کو کامیاب بنانے بڑے پیمانے پر تیاریاں کررہے ہیں ۔ اضلاع حیدرآباد اور رنگاریڈی کے قائدین کے سلسلہ وار اجلاس طلب کررہے ہیں ۔ پارٹی کے سینئر قائدین سے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کررہے ہیں ۔ راہول گاندھی جن مقامات کا دورہ کررہے ہیں وہاں کے مقامی قائدین کے ساتھ تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ راہول گاندھی کی بس یاترا کیلئے خصوصی بس کا انتظام کیا گیا ہے جس کو تمام عصری سہولتوں سے لیس کیا گیا ہے ۔ عوام سے خطاب کیلئے پبلک ساؤنڈ سسٹم وغیرہ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ اُتم کمار ریڈی نے گاندھی بھون پہنچ چکی بس کا مشاہدہ بھی کیا ہے ۔ ساتھ ہی قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر سابق وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین کے ساتھ شمس آباد ایئرپورٹ پہنچ کر راہول گاندھی کے استقبال کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ کلاسک کنونشن ہال شمس آباد میں سیلف ہیلپ گروپ کی خواتین کے ساتھ اجلاس 5 ہزار موٹر سائیکل کے ساتھ منظم کی جانے والی ریالی پر بھی غور و خوص کیا ۔ کلاسک کنونش ہال میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کم از کم 10 ہزار خواتین شرکت کریں گی ۔ خواتین کے تحفظات ‘ ان پر بڑھتے مظالم پرراہول گاندھی روشنی ڈالیں گے ۔ اس کے علاوہ راہول گاندھی مسلم دانشوروں کے اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں ‘ 12فیصد مسلم تحفظات کے وعدے پر عدم عمل آوری ‘ بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت میں ملک بھر میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر حملوں ‘ کھانے پینے پر امتناع ‘ اظہار خیال پر پابندی کے علاوہ دوسرے اہم اُمور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ صدر کانگریس مرکزی و تلنگانہ حکومتوں کی ناکامیوں ‘ تقسیم آندھرا پردیش بل میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کو نظرانداز کرنے ہائیکورٹ کو تقسیم کرنے اور ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں کے انحراف پر بھی اپنی رائے کا اظہار کریں گے ۔ صدر کانگریس اپنے دو روزہ دورہ میں بزنسمین ‘ تاجرین اور چھوٹے کاروباریوں سے ملاقات کرکے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی پر عمل آوری سے نقصانات اور معیشت کی تباہی کا جائزہ لیں گے ۔ وہ بیروزگار نوجوانوں اور طلبہ کے مسائل پر بھی ان سے ملاقات کریں گے ۔ اُتم کمار ریڈی ایک دو دن میں راہول گاندھی کے قطعی پروگرام کا شیڈول جاری کریں گے ۔