راہول گاندھی کے حق میں تلنگانہ کانگریس قائدین کی متفقہ قرارداد

مجالس مقامی کے انتخابات کے لیے مبصرین کا تقرر
حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کی رائے شماری 4 جون کو مقرر ہے جبکہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی صدور نشین کا انتخاب 7 اور 8 جون کو ہوگا۔ اس سلسلہ میں صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے پارٹی کے سینئر قائدین اور ضلع کانگریس صدور کا اجلاس منعقد کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 2 جون کو اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر اجلاس منعقد کرتے ہوئے ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب ارکان کو وہپ کی پابندی کے ذریعہ پارٹی میں برقراری یقینی بنائی جائے۔ برسر اقتدار پارٹی اپنے صدور نشین کی کامیابی کے لیے انحراف کا راستہ اختیار کرسکتی ہے۔ کانگریس قائدین کو اس سلسلہ میں چوکسی اختیار کرنی ہوگی۔ اجلاس میں قرارداد منظور کرتے ہوئے راہول گاندھی سے اپیل کی گئی کہ وہ پارٹی کی صدارت پر برقرار رہیں۔ اجلاس میں سابق فلور لیڈر محمد علی شبیر، سابق رکن پارلیمنٹ وشویشور ریڈی، ورکنگ پریسڈنٹ کسم کمار، اور ضلع کانگریس صدور نے شرکت کی۔ صدور نشین کے انتخاب کے سلسلہ میں 25 اضلاع کے لیے مختلف قائدین کو آبزرور مقرر کیا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی سوریا پیٹ، بھٹی وکرامارکا کھمم، جانا ریڈی نلگنڈہ، محمد علی شبیر کاما ریڈی، ریونت ریڈی میڑچل ملکاجگری، پونم پربھاکر کریم نگر، کسم کمار میدک، جی چنا ریڈی ونپرتی، ومشی چند ریڈی محبوب نگر، اے سمپت کمار گدوال، پونالا لکشمیا جنگائوں، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی بھونگیر، ٹی جیون ریڈی جگتیال، ڈی سریدھر بابو بھوپال پلی، شریمتی سیت اکا ملگ، ٹی جگا ریڈی سنگاریڈی، وشویشور ریڈی وقارآباد، ملو روی ناگرکرنول، پی سدرشن ریڈی نظام آباد، اے مہیشور ریڈی عادل آباد، کے پریم ساگر رائو منچریال، ڈی مادھو ریڈی محبوب آباد، وجئے رمنا رائو پیدا پلی، کے لکشما ریڈی رنگاریڈی اور ٹی ہریش کو آصف آباد کا مبصر مقرر کیا گیا۔ مبصرین رائے شماری کے موقع پر مقامی قائدین سے ربط میں رہیں گے اور صدور نشین کے انتخاب میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔